Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

عالمی تحقیقاتی ایوارڈ پاکستانی پولیس افسر انعم خان نے جیت لیا

Pakistan Police Officer won International Investigation Award

صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا کی پولیس افسر انعم خان نے دبئی میں عالمی انویسٹی گیشن ایوارڈ جیت لیا ہے۔

پاکستانی پولیس افسر انعم خان محمد شیر نے دبئی میں ورلڈ پولیس سمٹ ایوارڈز 2025 میں ’’ایکسلیس اِن کرمنل انویسٹی گیشن‘‘ کا عالمی ایوارڈ جیت لیا۔ انعم خان پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں بطور تحقیقاتی آفیسر خدمات انجام دے رہی ہیں۔

انعم خان کو عالمی اعزاز ان کی غیر معمولی تفتیشی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ قیادت پر دیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ دبئی پولیس کی میزبانی میں ایک شاندار تقریب کے دوران پیش کیا گیا، جس میں دنیا کے 90 سے زائد ممالک سے پولیس سربراہان اور سیکیورٹی ماہرین نے شرکت کی۔

انعم خان کو یہ اعزاز پنجاب کے دو اہم قتل کیسز کو کامیابی سے حل کرنے پر دیا گیا۔ پہلے کیس میں، انعم خان نے بارہ سالہ گھریلو ملازمہ عائشہ بی بی کے قتل کی تفتیش کی، جسے بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا۔ ان کی نگرانی میں سرگودھا پولیس نے محض 72 گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔

دوسرے کیس میں، انعم خان نے نوجوان محسن کے قتل میں ملوث افراد کی گرفتاری صرف 24 گھنٹوں میں ممکن بنائی تھی۔ انعم خان کو پنجاب پولیس کی جانب سے تعریفی اسناد اور اعزازات دیئے جاچکے ہیں۔

پاکستانی خاتون پولیس افسر انعم خان کو ایوارڈ متحدہ عرب امارات کی سرپرستی میں منعقد ہونے والے ’’ورلڈ پولیس سمٹ ‘‘ میں دیا گیا، جو دنیا میں پولیس کے شعبے میں اعلیٰ کارکردگی کو تسلیم کرنے کا ایک بڑا بین الاقوامی پلیٹ فارم ہے۔ منتظمین کے مطابق انعم خان کا انتخاب دنیا بھر سے موصول ہونے والی 900 سے زائد تحقیقاتی رپورٹس پر کی جانچ پڑتال کے بعد ہوا ہے جو انعم خان کی تحقیقاتی صلاحیتوں کو ظاہر کرتا ہے۔

مزید پڑھیں:پاکستانی خواتین موبائل کے استعمال میں بھارت سے آگے

ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد دبئی میں گفتگو کرتے ہوئے انعم خان نے کہا کہ یہ پاکستان اور پنجاب پولیس کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں اپنے ملک کی نمائندگی کر رہی ہوں اور یہ ثابت کر رہی ہوں کہ ہم نہ صرف امن و امان برقرار رکھ سکتے ہیں بلکہ عالمی معیار کی پولیسنگ کے قابل بھی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایوارڈ میری پوری ٹیم اور ہماری اقدار کو خراجِ تحسین ہے۔ بین الاقوامی ماہرین کے مطابق انعم خان کیلئے عالمی پولیس ایوارڈ پاکستانی پولیس فورس کی بڑھتی ہوئی پیشہ ورانہ مہارت کو ظاہر کرتی ہے۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button