Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

بجلی چوری کی روک تھام، حکومت نے سندھ میں تقسیم کار کمپنیوں میں انٹیلی جنس افسران تعینات کردیے

اپ ڈیٹ رہیں – فوری اطلاعات کے لیے ٹی او کے کو واٹس ایپ پر فالو کریں۔

حکومت نے بجلی چوری کی روک تھام، ریکوری میں بہتری اور آپریشنل استعداد کار میں اضافے کے لیے سندھ میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) میں انٹیلی جنس، انویسٹی گیشن اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کو تعینات کرنا شروع کر دیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق پاور ڈویژن نے سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) کے لیے ڈسکو سپورٹ یونٹ (ڈی ایس یو) تشکیل دے دیا ہے یہ یونٹ دو سال تک قائم رہے گا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سیپکو کے سی ای او اور سول آرمڈ فورسز کے سیکٹر کمانڈر بالترتیب ڈی ایس یو کے ڈائریکٹر اور شریک ڈائریکٹر ہوں گے، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)، ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) اور انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے گریڈ 18 اور 19 کے افسران اور کمشنر کے نامزد کردہ گریڈ 18 کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) افسران ڈی ایس یو کے رکن ہوں گے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈی ایس یو سکھر کو 5 بڑے اہداف تفویض کیے گئے ہیں، جن میں ریکوری اور بجلی چوری کی روک تھام کی منصوبہ سازی، انتظامی مداخلت کے ذریعے غیر تکنیکی نقصانات میں کمی، بہتری میں معاونت اور تکنیکی حل پر عمل درآمد، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول انتظامیہ کے ساتھ ایک انٹرفیس قائم کرکے انتظامی خامیوں کو دور کرنا اور انٹیلی جنس پر مبنی شواہد کی بنیاد پر ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو فارغ کرنے کی سفارش کرنا شامل ہیں۔ ڈی ایس یو براہ راست وفاقی سیکریٹری توانائی کو رپورٹ کرے گا۔

یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے گزشتہ سال جولائی میں تمام ڈسکوز میں ڈی ایس یوز کے قیام کی منظوری دی تھی جس کا آغاز ملتان اور سکھر سے ہوا تھا اور پھر بجلی چوری اور ناقص وصولیوں کے خلاف مہم میں پاور ڈویژن کی مدد کے لیے بتدریج دیگر بجلی کمپنیوں کو منتقل کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے گزشتہ ہفتے جاری ہونے والی اپنی تازہ ترین اسٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ میں نشاندہی کی تھی کہ ٹیرف میں اضافے اور چوری پر قابو پانے کی کوششوں کے باوجود گزشتہ مالی سال میں بجلی کمپنیوں کے واجبات کا حجم 2.3 کھرب روپے سے تجاوز کر گیا۔

شیئر کریں

گوگل نیوز پر ٹائمز آف کراچی کو فالو کریں اور اپنی پسندیدہ مواد کو زیادہ تیزی سے دیکھیں۔
Leave a Reply
ریلیٹڈ پوسٹس
Close Button
Advertisement