وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے قائد آباد پر ملیر ندی کا معائنہ کیا۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں بارش سے متاثرہ لوگوں کی تکلیف کا احساس ہے۔ حکومت، وزرا اور انتظامیہ گراؤنڈ پر موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ آب پاشی کو ہدایت کی کہ پہاڑوں سے اگر کوئی ریلا آئے تو انتظامیہ آگاہ کریں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ نے وزیراعلیٰ سندھ کو بارشوں کی صورتحال پر بریف کیا۔ انہوں نے بتایاکہ ملیر ندی پر پانی کا بہاؤ ٹھیک چل رہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بارش کے بعد برساتی نالوں پرکراسنگ کے لیے مشکلات ہیں۔ برجز کا جائزہ لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں لوگوں کی تکلیف کا احساس ہے۔
بارش کے نقصانات اور لوگوں کے مسائل دیکھ کر ان کے حل پر کام کریں گے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ میں خود انتظامیہ کے ساتھ نکلا ہوں، متاثرہ علاقوں کے دورے پر جائزہ لیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 3 روز میں کراچی سے لے کر کشمور تک بارش ہوئی ہے اور لوگ تکلیف میں آئے ہیں۔ اس سے پہلے ایسی بارشیں 2020ء میں ہوئی تھیں۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ لوگوں کے مسائل حل کریں۔ حکومت، وزرا اور انتظامیہ گراؤنڈ پر موجود ہیں۔