نیوزی لینڈ کے خلاف رواں ماہ شیڈول ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان ایک سے دو روز میں متوقع ہے۔ سلیکشن کمیٹی نے مشاورت شروع کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کاکول میں جاری کھلاڑیوں کے فٹنس کیمپ کے دوران سلیکشن کمیٹی نے کپتان بابراعظم سے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کیلئے مشاورت کی۔
سلیکشن کمیٹی کی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے بھی ملاقات ہوئی۔ ہوم سیریز کے باعث پاکستان کا اسکواڈ 18 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوسکتا ہے۔ سیریز کے دوران روٹیشن پالیسی کے تحت کھلاڑیوں کو آرام بھی دیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق سیریز کیلئے ریٹائرمنٹ واپس لینے والے محمدعامر اور عمادوسیم کی قومی اسکواڈ میں واپسی کا امکان ہے۔ زمان خان، عثمان خان ، وسیم جونیئر، عرفان نیازی اور عباس آفریدی کے نام بھی زیرِ غور ہیں۔
زیرغور کھلاڑیوں میں کپتان بابر اعظم ، صائم ایوب، محمد رضوان، صاحبزادہ فرحان ، سلمان علی آغا ، افتخار احمد ، اعظم خان، شاداب خان ، اسامہ میر، شاہین آفریدی ، نسیم شاہ بھی شامل ہیں۔
حارث رؤف مکمل فٹ نہیں ہوسکے ہیں اور انکا ری ہیب جاری ہے۔ حارث رؤف پی ایس ایل کے دوران کندھے کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔ اوپننگ بیٹر فخر زمان کے ہاتھ کی انجری کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے رواں ماہ 14 اپریل کو پاکستان پہنچ رہی ہے، سیریز کا آغاز 18 اپریل سے ہوگا۔