سندھ ہائی کورٹ میں بجلی کے بلوں میں میونسپل چارجز کی وصولی کے خلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے بجلی کے بلوں میں میونسپل چارجز کی وصولی کے خلاف جاری حکم امتناع میں توسیع کردی۔
دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈوکیٹ نے کہا کہ وفاق کےماتحت ادارہ ضلعی ادارےکےذریعےٹیکس وصول نہیں کرسکتا۔ کےایم سی ٹیکس وصولی کااپنا طریقہ کار بناٸے۔
کراچی میونسپل کارپوریشن کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ حکومت ابھی بنی ہے ہمیں دلائل کے لیے کچھ مہلت دے دیں، رولز کے حوالے سے ایک نئی درخواست دائر کی گئی ہے اسکی ہمیں کاپی نہیں ملی ہے۔
عثمان فاروق ایڈوکیٹ نے کہا کہ یہ کیس گزشتہ سال سے زیرالتواء ہے۔ جس پر عدالت نے ایڈوکیٹ طارق منصور سے استفسار کیا کہ آپ نے کوئی نئی درخواست دائر کی ہے؟
طارق منصور نے عدالت کو بتایا کہ درخواست کئی ماہ پہلے دائر کی تھی اور اسکے نوٹس ہوچکے ہیں۔ عدالت نے درخواستوں کی سماعت متعلقہ بینچ کی عدم موجودگی کےباعث 26 مارچ تک ملتوی کردی۔
واضح رہے بجلی کے بلوں میں میونسپل چارجز کی وصولی کے خلاف حافظ نعیم الرحمن و دیگر نے درخواست دائر کر رکھی ہے۔