فیڈرل بی ایریا میں تعلیمی سہولیات کی بہتری اور شہری انفراسٹرکچر کی بحالی کے سلسلے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کل 21 اکتوبر کو ابوتراب اسکول، ڈاکٹر عبدالقدیر خان ٹیک اسپیس اور گلبرگ ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ کے تحت 70 سڑکوں اور 300 اندرونی گلیوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔
ٹاؤن چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ کے مطابق ان منصوبوں کا مقصد علاقے کے عوام کو بہتر تعلیمی سہولیات، جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم اور معیاری شہری انفراسٹرکچر فراہم کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان ٹیک اسپیس میں طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی
کی تعلیم اور عملی تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔

نصرت اللہ کے مطابق ابوتراب اسکول بلاک 17 کی مکمل بحالی بھی اس سلسلے کی اہم کڑی ہے۔ ماضی میں اسکول کی چھت بارشوں کے دوران ٹپکتی تھی، دیواروں سے پلاسٹر جھڑ رہا تھا، احاطے میں جھاڑیاں پھیلی ہوئی تھیں اور واش رومز قابلِ استعمال نہیں تھے۔ اب اسکول کی بحالی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے، جس سے طلبہ کو بہتر اور محفوظ تعلیمی ماحول میسر آئے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فیڈرل بی ایریا کے بلاکس 17، 18، 19 اور 20 میں سوئی گیس کی نئی لائنوں کی تنصیب کے بعد سڑکوں اور اندرونی گلیوں کی بحالی کا کام جاری ہے۔ گلبرگ ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ کے تحت تقریباً 40 کروڑ روپے کی لاگت سے 70 سڑکوں اور 300 اندرونی گلیوں کی تعمیر و بحالی کی جارہی ہے۔

ٹاؤن چیئرمین نے کہا کہ ان ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا، خستہ حال سڑکوں اور گلیوں کے مسائل حل کرنا اور علاقے میں ترقیاتی کاموں کے ذریعے عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی بحالی، جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم اور بنیادی شہری سہولیات کی بہتری ایک بہتر اور ترقی یافتہ گلبرگ کی جانب اہم قدم ہیں۔