سندھ کے محکمہ ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز نے اعلان کیا ہے کہ یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں یکم اگست سے 14 اگست تک میوزیمز (عجائب گھروں) میں عوامی داخلہ مفت ہوگا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، اس سال کی تقریبات کا مرکزی موضوع ’معرکۂ حق‘ ہوگا، جو بھارت کی جارحیت کے خلاف (پاکستان کے عسکری ردِ عمل) آپریشن ’بنیان المرصوص‘ کی یادگار ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے مفت داخلے کے لیے جن سرکاری میوزیمز کا ذکر کیا گیا ہے، ان میں موہنجو دڑو، سندھ پراونشل میوزیم (حیدرآباد)، لوک و ہنر میوزیم (سیہون شریف)، بھنھبور میوزیم (ٹھٹھہ کے قریب)، کوٹ ڈیجی میوزیم (خیرپور)، اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو میوزیم (لاڑکانہ) شامل ہیں۔
دیگر مقامات میں موکھی ہاؤس، عمرکوٹ فورٹ میوزیم، ناؤکوٹ فورٹ میوزیم، لار میوزیم (بدین)، ماروی کلچرل سینٹر (بھالوہ)، مسکین جہان خان کھوسو اور بھٹ شاہ کلچرل سینٹر شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ظفر کاظمی آرٹ گیلری (حیدرآباد)، اور مہران آرٹس کونسل گیلری (حیدرآباد) میں بھی مفت رسائی دی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ آثارِ قدیمہ اور تاریخی مقامات جیسے شاہجہان مسجد (ٹھٹھہ)، موہنجو دڑو، بھنبھور، کوٹ ڈیجی، ستیوں جو آستان، عمرکوٹ فورٹ، اور ناؤکوٹ فورٹ میں بھی داخلہ مفت ہوگا۔
اس کے علاوہ، محکمہ کی تمام اشاعتوں پر 50 فیصد رعایت دی جائے گی، جن میں کتابیں بھی شامل ہیں، جو سرکاری بک اسٹورز پر دستیاب ہیں، اور محکمہ کے زیرِ انتظام تمام سیاحتی مقامات پر بھی مفت رسائی ہوگی۔
کراچی میں کہاں کہاں انٹری فری ہوگی؟
کراچی میں واقع آرکائیوز گیلری، جہاں نایاب دستاویزات، مخطوطات، اور تصاویر رکھی گئی ہیں، میں مفت داخلہ ہوگا، اسی طرح سمبارہ آرٹ گیلری اور قائداعظم ہاؤس میوزیم میں داخلہ فری ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ حیدرآباد، سکھر اور کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شاندار میوزیکل شوز منعقد کیے جائیں گے۔ یہ فیصلہ محکمے کے صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ کی زیرِ صدارت ایک اجلاس میں کیا گیا، جو وزیرِ اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر منعقد کیا گیا تھا، اجلاس میں قائم مقام سیکریٹری، ڈائریکٹر جنرل آرکیالوجی اینڈ اینٹی کوئٹیز عبد الفتح شیخ، منیجنگ ڈائریکٹر ٹوورازم فیاض شاہ اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
مزید پڑھیں:سندھ حکومت کا یومِ آزادی تقریبات بھرپور اور تاریخی انداز میں منانے کا فیصلہ
اعلامیہ کے مطابق، ملک کے مشہور گلوکار موسیقی کے ان پروگرامز میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گے، تمام سیاحتی، ثقافتی اور تاریخی مقامات کو روشن کیا جائے گا، قومی پرچم لہرائے جائیں گے، اس بار پوری قوم جوش و خروش کے ساتھ یومِ آزادی کا جشن منائے گی۔
یاد رہے کہ جنوری میں چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے سندھ کے سیاحتی مقامات کی قومی و بین الاقوامی سطح پر تشہیر کی اہمیت پر زور دیا تھا اور تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی تھی کہ وہ باہمی تعاون سے ٹوورازم منصوبوں کو عملی جامہ پہنائیں، جن میں کینجھر جھیل، ہالیجی جھیل اور گورکھ ہل ریزورٹ کے لیے جامع منصوبہ بندی شامل ہے۔