Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن، کراچی میں پانی کی فراہمی متاثر

Power breakdown Dhabeji pumping station water supply affected
اپ ڈیٹ رہیں – فوری اطلاعات کے لیے ٹی او کے کو واٹس ایپ پر فالو کریں۔

کراچی میں کے الیکٹرک کی جانب سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث شہر کو پانی کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

واٹر کارپوریشن نے اس حوالے سے ایک بیان جاری کیا ہے کہ شہر کو 100 ملین گیلن پانی کی کمی ہوگی۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کے الیکٹرک کا بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا ہے، یہ بریک ڈاؤن رات 12 بجکر 20 منٹ پر پیش آیا، جس کی وجہ سے لائن نمبر 5 دو مقامات سے متاثر ہو گیا ہے۔

مزید پڑھیں:دھابیجی کے بعد ڈملوٹی پمپنگ اسٹیشن پر بھی بجلی کا بریک ڈاون

ترجمان کے مطابق واٹر کارپوریشن حکام نے فوری مرمتی کام کا آغاز کر دیا ہے، بریک ڈاؤن کو 15 گھنٹے سے زائد عرصہ گزر چکا، مرمت کا کام اگلے 36 گھنٹوں میں مکمل کرلیا جائے گا، تاہم مرمتی کام کے دوران شہر کو 100 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہوگا۔

ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک نے تاحال سیکنڈ فیز کی بجلی بحال نہیں کی، بجلی کے بریک ڈاؤن سے سیکنڈ فیز کے 4 پمپ بند ہوگئے، بجلی کی بحالی پر 2 پمپ سے پانی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی، متاثرہ لائن کی مرمت مکمل ہوتے ہی مزید 2 پمپ فعال کیے جائیں گے۔

دوسری جانب چیف انجینئر ڈبلیو ٹی ایم سید محمد اعجاز نے مرمتی کام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ لائن کی مرمت ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے، مرمت جلد مکمل کرنے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے۔

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈائون پر کے-الیکٹرک کا موقف

ترجمان کے-الیکٹرک کا کہنا ہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی فراہمی میں تعطل واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے اندرونی فالٹ کے باعث پیش آیا، دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کو کے۔ الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی فراہمی متاثر نہیں ہوئی ہے۔ کے۔ الیکٹرک کا ترسیلی نظام مکمل طور پر فعال ہے۔ تاہم ہماری ٹیمیں عوامی مفاد میں فالٹ کی درستگی کے لیے معاونت کررہی ہیں، کے-الیکٹرک سے پمپنگ اسٹیشن کے اندرونی فالٹ کی درستگی کیلئے 4.30 بجے صبح رابطہ کیا گیا۔

ترجمان کے-الیکٹرک کے مطابق کے-الیکٹرک سائیڈ سے پمپنگ اسٹیشن کو سپلائی میں رکاوٹ نہیں، عملے نے کراچی واٹر بورڈ کی درخواست پر عوامی مفاد میں اندرونی فالٹ کی درستگی کیلئے معاونت فراہم کی، کام مکمل ہونے کے بعد دھابیجی پر موجود تمام واٹر پمپس پر بجلی کی فراہمی جاری ہے۔

ترجمان کے۔ الیکٹرک نے مزید کہا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سمیت کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے تمام بڑے پمپنگ اسٹیشنز نہ صرف لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہیں، بلکہ ہنگامی صورتحال میں انہیں متبادل ذرائع سے بجلی فراہم کی جاتی ہے، تاکہ شہر میں پانی کی فراہمی کا تسلسل برقرار رکھا جاسکے۔ کے۔ الیکٹرک کا عملہ واٹر بورڈ کے نمائندوں کے ساتھ مستقل رابطے میں رہتا ہے اور کسی بھی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے تیار رہتا ہے۔

شیئر کریں

گوگل نیوز پر ٹائمز آف کراچی کو فالو کریں اور اپنی پسندیدہ مواد کو زیادہ تیزی سے دیکھیں۔
Leave a Reply
ریلیٹڈ پوسٹس
Close Button
Advertisement