بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر میں موجود تمام قبرستانوں کو رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ کراچی میں 200 سے زائد قبرستانوں میں سے صرف 38 بلدیہ عظمیٰ میں رجسٹرڈ ہیں۔ اُنہوں نے ہدایت کی کہ تمام انچارج فوری طور پر اپنے اپنے قبرستان رجسٹرڈ کروائیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ قبرستان انتظامیہ قبر کے نرخ 14 ہزار 300 روپے سے زیادہ وصول نہ کریں۔ اُنہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ اضافی فیس لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب سانحہ لیاری پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اہم اجلاس جاری ہے، اعلیٰ سطح کا اجلاس صبح گیارہ بجےطلب کیا گیا تھا۔ وزیربلدیات سعیدغنی، سندھ بلڈنگ اتھارٹی کے سربراہ، چیف سیکرٹری،کمشنرکراچی اور ریسکیو حکام شریک ہیں، اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کو کو لیاری واقعے،امدادی سرگرمیوں پربریفنگ دی جائے گی جبکہ ایس بی سی اےحکام شہرمیں مخدوش قرار عمارتوں سے متعلق آگاہ کریں گے۔
اجلاس میں شہر میں مخدوش عمارتوں کے حوالے سےاہم فیصلے کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ عمارت گرنے کی وجوہات بھی معلوم کریں گے۔غفلت برتنےوالوں کو سزا دی جائے گی۔ انھوں نے بتایا تھا کہ شہر میں 480 سے زائدعمارتیں خطرناک قراردی جاچکیں، گھرخالی کرنےکاکہوتو لوگ ہم سے تحفظ مانگتے ہیں۔