کراچی کے علاقے گلبرگ ٹاؤن کا 2025-26 کا گرین بجٹ پیش کردیا گیا ہےانتظامیہ کے مطابق یہ پاکستان کا پہلا ٹاؤن ہے جو اپنا گرین بجٹ پیش کررہا ہے۔
گلبرگ ٹاؤن کی انتظامیہ کی جانب سے مالی سال 2025-26 کے لیے 2 ارب 49 کروڑ 84 لاکھ 52 ہزار روپے کا بجٹ پیش کر دیا گیا ہے، جسے “گرین بجٹ” کا نام دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق بجٹ میں ماحولیاتی بہتری، تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور جدید شہری سہولیات پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
گلبرگ ٹاؤن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گرین انیشیٹیوز کے تحت پارکس اور میدانوں کی بہتری کے لیے 15 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، رین واٹر ہارویسٹنگ کے لیے 2 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، جس سے بارش اور وضو کے پانی کو محفوظ کر کے پارکوں کو سیراب اور زیر زمین پانی کو ری چارج کیا جائے گا۔
انتظامیہ کی جانب سے تعلیم کے شعبے میں انقلاب لانے کیلیے “تعلیم کارڈ” متعارف کرایا جا رہا ہے، جو فیڈرل بی ایریا کے ذہین طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر دیا جائے گا، ایجوکیشن ڈویلپمنٹ کے لیے 5 کروڑ روپے بجٹ میں شامل کیے گئے ہیں، ٹاؤن کے سرکاری اسکولوں میں جدید کمپیوٹر لیبز قائم کی جائیں گی۔
مزید پڑھی:ںسندھ اسمبلی نے 156 ارب روپے کے ضمنی بجٹ کی منظوری دے دی
اسکولوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا گیا ہے۔ ماضی میں سرکاری اسکولوں میں بچوں کے لیے مناسب ڈیسک اور تعلیمی ماحول میسر نہیں تھا، مگر اب ان سہولیات میں نمایاں بہتری لائی جا رہی ہے۔
گلبرگ ٹاؤن انتظامیہ نے صحت کیلیے 4 کروڑ روپے مختص کیے ہیں، جن سے دو ماڈل ہیلتھ کیئر یونٹس قائم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو بنیادی طبی سہولیات بہتر انداز میں فراہم کی جا سکیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہر یونین کونسل میں ایک ماڈل محلہ بنانے کے منصوبے پر کام جاری ہے، اس وقت تک دو ماڈل محلے مکمل کیے جا چکے ہیں، روشن باغ اور عزیزآباد، ان علاقوں کو صاف، روشن، اور بنیادی سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے تاکہ وہ باقی علاقوں کے لیے مثال بن سکیں، اوپن ایئر جم کا منصوبہ بھی گلبرگ ٹاؤن میں متعارف کرایا گیا ہے تاکہ شہریوں کو صحت مند طرزِ زندگی کی طرف راغب کیا جا سکے۔
انتظامیہ نے کہا کہ انفراسٹرکچر اور سڑکوں کی بحالی کے لیے 26 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ “روشن گلبرگ” منصوبے کے لیے 10 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، جس کے ذریعے ٹاؤن میں روشنی کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔
چئیرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے کہا کہ یہ بجٹ شہریوں کی بہتری، جدید سہولیات کی فراہمی اور پائیدار ترقی کو سامنے رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔ وائس چئیرمین محمد الیاس کا کہنا تھا کہ ہم ہر یوسی کو ماڈل یونٹ میں تبدیل کریں گے تاکہ ہر شہری کو معیاری ماحول میسر ہو۔ میونسپل کمشنر عبدالحمید سہاگ نے یقین دہانی کرائی کہ تمام منصوبے شفافیت، تیزی اور معیار کے ساتھ مکمل کیے جائیں گے۔