پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان نے جنگی اور سفارتی محاذ پر بھارت کو شکست دی ہے۔ امریکا، برطانیہ اور یورپ کے دورے سے واپسی پر اولڈ ٹرمینل ایئرپورٹ پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت ہم سے سات گنا بڑا ملک ہے لیکن پاک فوج نے اسے عبرت ناک شکست دی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جنگ ہارنے کے بعد بھارت کی کوشش تھی کہ سفارتی محاذ پر پاکستان کو ہرایا جائے لیکن وہ اس میں بھی ناکام رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی میڈیا پر پاکستان کا بیانیہ جیت گیا جبکہ بھارت ہار گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ جنگ میں پاکستان نے بھارت کے چھ جنگی جہاز گرائے، جسے اب بھارت بھی تسلیم کر چکا ہے۔
پی پی پی چیئرمین نے کشمیر کے مسئلے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ہر دور میں کشمیریوں کی آواز اٹھاتی رہی ہے اور اٹھاتی رہے گی۔ انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب بھارت نے کشمیر پر حملہ کیا تو انہوں نے کہا تھا کہ “میں کیا کروں؟”
بھارت کو سندھ طاس معاہدہ ماننا پڑے گا
سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت کو یہ معاہدہ ماننا پڑے گا ورنہ پاکستان ایک اور جنگ لڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت دریائے سندھ کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا تو پاکستان اس سے ایک اور جنگ لڑے گا اور چھ کے چھ دریا چھین لے گا۔
پی پی پی چیئرمین نے اپنے دورے کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 70 سے زائد ملاقاتیں کی ہیں جن کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر بھی کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے بات چیت کروانے پر تیار ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، شیری رحمان، سعید غنی سمیت پیپلز پارٹی کے متعدد رہنما اور کارکن موجود تھے جنہوں نے بلاول بھٹو زرداری کا پرجوش استقبال کیا۔