پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کا ایک بار پھر دنیا کے غیر رہائش کے قابل ترین شہروں کی فہرست میں شمار ہوگیا ہے۔ اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ (ای آئی یو) نے 2025 کے لیے دنیا بھر میں رہائش کے لیے بہترین شہروں کی فہرست جاری کی ہے۔
اس فہرست میں 173 شہروں کی درجہ بندی مختلف عناصر جیسے طبی سہولیات، تعلیم، استحکام، انفرا اسٹرکچر اور ماحولیات کو مدنظر رکھ کر کی گئی۔ ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن نے استحکام، تعلیم اور انفرا اسٹرکچر کے شعبوں میں پرفیکٹ اسکور حاصل کیا۔
کوپن ہیگن نے آسٹریا کے شہر ویانا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا میں رہائش کے لیے بہترین شہر کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ اس سے قبل ویانا 2022 سے 2024 تک مسلسل 3 بار رہائش کے لیے دنیا کا بہترین شہر قرار دیا گیا تھا۔
فہرست میں دوسرا نمبر مشترکہ طور پر ویانا اور سوئس شہر زیورخ کے نام رہا۔ آسٹریلیا کے شہر میلبرن کے حصے میں چوتھا نمبر آیا، سوئس شہر جنیوا 5 ویں اور آسٹریلیا کا شہر سڈنی چھٹے نمبر پر رہا۔
مزید پڑھیں:کراچی کیلیےبجٹ میں 236 ارب روپے رکھے ہیں: وزیراعلیٰ سندھ
ٹاپ 10 میں ایشیا کا صرف ایک شہر شامل ہے جو جاپانی شہر اوساکا ہے جس کے حصے میں 7 واں نمبر آیا جبکہ نیوزی لینڈ کا شہر آک لینڈ بھی رہائش کے لیے دنیا کا 7 واں بہترین شہر قرار پایا، آسٹریلیا کا شہر ایڈیلیڈ 9 ویں جبکہ کینیڈا کا شہر وینکوور 10 ویں نمبر پر رہا۔
اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ کی جاری کردہ فہرست میں پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی بھی ہے جس کا شمار دنیا کے رہائش کے لیے سب سے غیر موزوں شہروں میں ہوا ہے، فہرست میں کراچی 173 میں سے 170 ویں نمبر پر موجود ہے، گزشتہ سال کراچی کے حصے میں 169 واں نمبر آیا تھا۔
شام کا شہر دمشق 173 ویں نمبر پر ہے جس کے بعد لیبیا کا شہر تریپولی (172)، ڈھاکا (171) اور الجزائر (169) موجود ہیں جبکہ نائیجریا کے شہر لاگوس کے حصے میں 168 واں نمبر آیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2024 کے دوران مغربی یورپی، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقا میں عالمی استحکام میں تنزلی دیکھنے میں آئی۔ اسی طرح ایشیا میں بھی حالات زیادہ بہتر نہیں بلکہ وہاں فوجی تنازعات کا خطرہ بڑھا ہے۔