ایران نے اسرائیل پر پھر میزائل داغ دیے ہیں، جس کی تصدیق اسرائیلی فوج نے بھی کر دی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے مطابق تل ابیب میں متعدد دھماکے سنے گئے۔
اسرائیلی ایمرجنسی سروسز کی جانب سے تازہ ایرانی حملوں کے بعد جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ مرکزی اسرائیل میں ایک بس پارکنگ ایریا پر میزائل گرنے سے پانچ افراد معمولی طور پر زخمی ہوئے ہیں۔
ایمرجنسی سروس کے ترجمان کے مطابق دیگر مقامات پر کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ اس حوالے سے اسرائیلی فوج نے کہا کہ ایران سے اسرائیل کی جانب میزائل داغے گئے ہیں، اسرائیلی دفاعی نظام خطرے سے نمٹنے کےلیے فعال ہے۔
مزید پڑھیں:اسرائیل پر جلد ہی خیبر میزائل داغے جائیں گے اور دنیا حیران رہ جائے گی: ایران
واضح رہے کہ ایران نے رات کو اسرائیل پر میزائلوں سے ایک اور بڑا حملہ کیا تھا، حملوں میں اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب اور حیفہ کو نشانہ بنایا گیا، حیفہ ریفائنری کی پیداوار روک دی گئی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق تازہ حملوں میں حیفہ ریفائنری کے 3 ملازمین ہلاک ہوئے جبکہ ریفائنری کی پیداوار مکمل طور پر روک دی گئی ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی شہر شیراز پر داغے گئے 20 سے زائد اسرائیلی میزائل فضائی دفاعی نظام سے تباہ کر دیے۔