Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

بحریہ آئیکون ٹاور کراچی اور مال آف اسلام آبادکی نیلامی کا فیصلہ

فیڈرل بورڈ آف ریونیو ایف بی آر نے بحریہ آئیکون ٹاور کراچی اورمال آف اسلام آباد کو بجٹ کے بعد نیلام کرنے کا نوٹس جاری کردیا۔

ایف بی آر کے نوٹس کے مطابق بحریہ ٹاؤن کی جائیدادیں 26 ارب روپے سے زائد ٹیکس کی نادہندہ ہیں۔ دونوں جائیدادوں کی نیلامی ایف بی آر اسلام آباد کے لارج ٹیکس پیئر آفس میں 19 جون کو ہوگی۔ نیلامی انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 اور 2002  کے ٹیکس ڈیفالٹ قانون کے تحت کی جائے گی۔

اس سے قبل رواں برس  15 اپریل کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے بحریہ ٹاؤن کراچی کے خلاف کرپشن کے الزامات میں کارروائی کرتے ہوئے 16 بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے تھے ۔ نیب حکام کے مطابق ملزمان نے 16 ہزار ایکڑ سے زائد سرکاری زمین پر ناجائز قبضہ کرکے اربوں روپے کمائے۔

نیب کے مطابق 25 ارب روپے کی رقم منجمد کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جبکہ بحریہ ٹاؤن کراچی کی کمرشل سرگرمیاں بھی روک دی گئی ہیں۔ احتساب عدالت کراچی میں ملک ریاض اور دیگر ملزمان کے خلاف ریفرنس بھی دائر کیا گیا ہے۔ یہ کارروائی 2018 کے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کی گئی۔ جس میں بحریہ ٹاؤن کی سرکاری زمین کی الاٹمنٹ کو غیر قانونی قرار دیا گیا تھا۔

بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل ریفرنس میں بھی۔ ملک ریاض اشتہاری ملزم ہیں۔ تاہم ماضی میں یہ تمام ملزمان خود پر عائدکیے گئے الزامات کی تردید کر چکے ہیں۔ ملک ریاض نے دعویٰ کیا تھا کہ ان پر اس کیس میں وعدہ معاف گواہ بننے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملک ریاض کی کمپنی بحریہ ٹاؤن کی کراچی، لاہور، تخت پڑی، نیو مری اور اسلام آباد میں واقع رہائشی و کمرشل عمارتوں کو سیل کیا گیا ہے۔ نیب نے شہریوں کو متنبہ بھی کیا ہے کہ وہ بحریہ ٹاؤن کے رہائشی و کمرشل منصوبوں میں سرمایہ کاری سے گریز کریں۔

Share this news
The views expressed in this article are those of the author and do not necessarily represent the editorial stance of Times of Karachi.
ٹائمز آف کراچی کی ادارتی پالیسی کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button