سندھ میں آج سے پلاسٹک شاپنگ بیگز پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے پلاسٹک شاپنگ بیگز سے متعلق صنعتوں اور دکانداروں کو دی گئی مہلت ختم ہوگئی ہے۔
ترجمان کے مطابق آج سے صوبے بھر میں پلاسٹک شاپنگ بیگز پر مکمل پابندی ہوگی، جس کا اطلاق صرف اعلانات تک محدود نہیں بلکہ اس بار سخت کارروائی کے واضح احکامات جاری ہو چکے ہیں۔
سیکریٹری ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی سندھ آغا شاہنواز خان نے تمام مینوفیکچررز، سپلائرز، ہول سیلرز اور دکانداروں کو سختی سے متنبہ کیا ہے کہ پلاسٹک بیگز کی تیاری، ترسیل اور استعمال کسی بھی صورت برداشت نہیں ہے، تمام صنعتیں، تھوک فروش اور ریٹیلرز پلاسٹک بیگز کا کاروبار بند کریں۔
انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے، گرفتاری اور فیکٹری بندش جیسے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ تمام ضلعی انتظامیہ، پولیس اور سیپا ٹیمیں فیلڈ میں نکلیں گی اور بغیر کسی رعایت کے ایکشن ہوگا۔
مزید پڑھیں:کراچی سمیت صوبے بھر میں 15 جون سے پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی عائدکرنے کا اعلان
آغا شاہنواز خان کا کہنا تھا کہ بارہا مہلت دی گئی، آگاہی مہمات چلائی گئیں، وارننگزبھی دی گئیں لیکن اب برداشت کی کوئی گنجائش باقی نہیں۔ تمام فیکٹری مالکان، تھوک فروش اور ریٹیلرز فوری طور پر پلاسٹک بیگز کا کاروبار بند کر دیں ورنہ سخت کارروائی ہوگی۔