وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں صوبے کا آئیندہ مالی سال 2025-26 کا بجٹ پیش کر دیا۔ جس میں کراچی کی بہتری اور تعمیر و ترقی سمیت شہریوں کی سہولت کے لئے کئی منصوبوں کے لئے رقم مختص کی گئی ہے
شہریوں کو ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولت کی فراہمی کے لئے 1.1 ارب روپے ڈیزل ہائبرڈ بسوں اور3 ارب روپے ای وی اور ڈبل ڈیکر بسوں کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔ کراچی میں 500 بسوں کے مکمل نظام کی تکمیل بھی بجٹ کا حصہ ہے ۔
بجٹ میں 12 میٹر طویل 100 نئی ای وی بسوں کی رینٹ ٹو اون کے تحت منظوری بھی دی گئی ہے جو جولائی 2025 سے فعال ہو جائیں گی ۔
مراد علی شاہ کے مطابق آئیندہ مالی سال میں گڈاپ ٹاون ملیر میں پانی کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے 119.7 ملین روپے کی لاگت سے ڈملوٹی واٹر پمپنگ اسٹیشن کی اپ گریڈنگ کی جائے گی ۔ 12.7 ارب روپے کا حب کینال پراجیکٹ سمیت شہر میں پانی کی فراہمی اور مضافاتی علاقوں میں فراہمی آب کو یقینی بنانے کے منصوبے بھی بجٹ میں شامل ہیں ۔
ڈسٹرکٹ ساوتھ، کے علاوہ ملیر اور نارتھ ناظم آباد ، علامہ رشید ترابی روڈ، میوہ شاہ روڈ اور فور کے سے گلشن معمار کوریڈور کی تعمیر و مرمت کے لئے 5 ارب روپے بجٹ میں رکھےگئے ہیں ۔
ڈسٹرکٹ ملیر ، ماڑی پور اور کورنگی میں پانچ ارب روپے کی لاگت سے پانی ، سیوریج اور سڑک کی تعمیر کے منصوبے بجٹ میں شامل کئے گئے ہیں ۔
کراچی نیبر ہوڈ پراجیکٹ اور کلک منصوبے کے تحت بارہ دری پارک اور نارتھ ناظم آباد سمیت مختلف علاقوں میں پارکوں کی بحالی کا منصوبہ بھی بجٹ میں شامل کیا گیا ہے ۔ کلفٹن بلاک 5، سعود آباد ، ملیر ، لانڈھی اور نارتھ کراچی کے پارکس کو انکلوسو پارکس میں تبدیل کرنے کےلئے 80 ملین روپے مختص مختص کئے گئے ہیں ۔
وزیر اعلی سندھ کے مطابق کراچی اربن موبیلیٹی پراجیکٹ کے تحت یلو لائن اور جام صادق برج پر تیزی سے کام جاری ہے، برج کا افتتاح جلد کر دیا جائے گا ۔ 29 کلومیٹرز طویل ریڈ لائن بی آر ٹی کا 50 فیصد کام شیڈول کے مطابق اگلے چھ ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا ۔
کراچی سیف سٹی کا پہلا مرحلہ 6.6 بلین کی لاگت سے تکیمل کے آخری مرحلے میں ہے اگلے مالی سال میں اسکا دوسرا مرحلہ بھی مکمل کر لیا جائے گا ۔
وزیر اعلی سندھ کے مطابق کورنگی کاز وے برج، شارع بھٹو، کریم آباد انڈر پاس، گجر نالہ فلائی اوور، اولڈ سٹی ایریا کی ترقی، تجارتی علاقوں کی بہتری، ہیریٹیج کی بحالی ، اہم سڑکوں اور فلائی اوور کی تعمیر آئیندہ مالی سال میں مکمل کی جائے گی ۔
پبلک پرائویٹ پارٹرنر شپ کے تحت کورنگی ایکسپریس وے فلائی اوور اور سمندری پانی صاف کرنے کا پہلا پانچ ایم جی ڈی کا منصوبہ بھی لانچ کیا جائے گا ۔
این آئی سی وی ڈی میں نئے اوپی ڈی کی تعمیر ، 100 بستروں پر مشتمل ایمرجنسی روم اور بلدیہ ٹاون اسپتال میں لیب ، جے پی ایم سی میں 12 منزلہ میڈیکل ٹاور اور 7منزلہ افسران وارڈ کی تعمیر بھی بجٹ کا حصہ ہے ۔
وزیر اعلی سندھ کے مطابق آئیندہ مالی سال میں ایدھی فاونڈیشن کے ساتھ مل کر بلقیس ایدھی بریسٹ ریڈی ایشن سینٹر کی تعمیر شروع کی جائے گی ۔ جبکہ انڈس اسپتال کے گرانٹ کو بڑھاکر 5 سے 8 ارب روپے کر دیا گیاہے ۔