کراچی کے علاقے لانڈھی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں اتوار کی صبح ایک بڑا آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس میں چار فیکٹریاں لپیٹ میں آگئیں اور پانچ افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق آگ کی اطلاع صبح 4 بج کر 50 منٹ پر ملی جسے فوری طور پر تیسرے درجے کی آگ قرار دیا گیا۔ آگ بجھانے کے لیے 14 فائر ٹینڈرز، 2 اسنارکل اور ایک باؤزر موقع پر موجود رہا۔
ریسکیو حکام کے مطابق، متاثرہ فیکٹریوں میں سے ایک کا کچھ حصہ منہدم ہو گیا جبکہ دیگر تین عمارتوں کو بھی مخدوش قرار دے دیا گیا ہے۔
آگ کے باعث زخمی ہونے والوں میں 45 سالہ اسلم، 30 سالہ حمزہ، 20 سالہ آیاز، 43 سالہ ساجد محمود اور 53 سالہ محسن شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو 1122 نے بتایا کہ آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں تاہم مکمل طور پر قابو پانے میں مزید کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔