وفاقی حکومت نے بجٹ میں کراچی کےمختلف منصوبوں کے لیے فنڈز رکھنےکا فیصلہ کیا ہے، کراچی گرین لائن منصوبے کے لیے 50 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بجٹ تجاویز سے متعلق سرکاری دستاویز میں آپریشنل گرین لائن بی آرٹی کراچی کے لیے 18 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے جبکہ کراچی میں سڑکوں، گلیوں، نکاسی و فراہمی آب کے مختلف منصوبوں کےلیے فنڈز رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق ضلع غربی کراچی میں انفرااسٹرکچرکی بحالی کے لیے 10کروڑ روپے، ناظم آباد اور لیاقت آباد میں انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے 12 کروڑ روپے، لانڈھی، زمان آباد، کورنگی ٹاون میں سڑکوں، فراہمی و نکاسی آب کے منصوبے اور کھیل کے میدانوں کے لیے 11کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔
مزید پڑھیں:آئی ایم ایف کا بِٹ کوائن مائننگ اور اے آئی کو بجلی فراہم کرنے پر اظہارِ تشویش
دستاویز میں ضلع وسطی کراچی میں پاک ایشین فٹ بال گراؤنڈ کے لیے تقریباً 10کروڑروپے، ضلع کورنگی، ملیر میں سڑکوں، گلیوں اور نکاس آب کے منصوبوں کے لیے 5 کروڑ روپے، ضلع شرقی کراچی میں وفاقی منصوبوں کےلیے 10کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اسی طرح ضلع جنوبی وغربی میں کے ایم سی کے منصوبوں کے لیے 7 کروڑ 50 لاکھ روپے جبکہ ضلع وسطی کراچی کی مختلف یونین کونسلز کے منصوبوں کے لیے بھی7 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔