سعودی عرب میں ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی ’سدایا‘ کی جانب سے مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عازمین کی سہولت کیلیے 20 ’ای گیٹس‘ نصب کردیئے گئے ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سدایا اتھارٹی کی جانب سے ایئرپورٹ پر عازمین حج کو بہتر اور تیز ترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے امیگریشن اور دیگر اداروں کے تعاون سے مصنوعی ذہانت کے استعمال کو فروغ دیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں:سعودی عرب نے عازمین حج کی سہولت کیلیے ’اثرا المشاعر‘ پروجیکٹ لانچ کردیا
رپورٹس کے مطابق سدایا نے عازمین کے امیگریشن کی کارروائی کو تیز اور آسان بنانے کے لیے مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیزبین الاقوامی ہوائی اڈے پر ای گیٹس کے علاوہ 30 سے زائد ’پاسپورٹ ریڈر‘ ڈیوائسز کا بھی اہتمام کیا ہے تاکہ امیگریشن کی کارروائی میں عازمین کو کسی قسم کی تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق ایئرپورٹ پر سدایا سینٹر کی ٹیموں کو بھی مستقل بنیادوں پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی مشکل یا سسٹم ڈاون ہونے کی صورت میں فوری طور پراسے درست کیا جاسکے۔ مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر مسافروں کی آمد کے ٹرمنل پر اضافی عملے کو تعینات کیا گیا ہے، جبکہ فنگر پرنٹ اسکینگ کے لیے جدید ترین سسٹم پر مشتمل 4 حساس یونٹس بھی فراہم کیے گئے ہیں۔