حکومت سندھ کی جانب سے خواتین کو پنک ای وی اسکوٹیز کی فراہمی کے لئے اگلے ماہ قرعہ اندازی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پہلے مرحلے میں 1000 خواتین کو ای وی اسکوٹیز کی فراہمی کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ای وی ٹیکسی اور ای وی اسکوٹی نوجوانوں کے لیے روزگار، خواتین کی نقل و حرکت اور ماحولیات کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جون 2025 میں ای وی اسکوٹی کے ساتھ ساتھ ای وی ٹیکسی پر بھی کام شروع کیا جائے۔
یلو لائن منصوبہ:
صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت کراچی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بڑے ٹرانسپورٹ منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی ایس ایم ٹی اے کمال دایو، سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو، ڈائریکٹر یلو لائن ضمیر عباسی اور دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر یلو لائن نے اجلاس کو یلو لائن بی آر ٹی منصوبے سے متعلق بریفنگ دی۔
مزید پڑھیں:سندھ حکومت کا آن لائن ٹیکسی سروسز کو ایک نظام میں لانے کیلیے اقدامات تیز کرنیکا فیصلہ
پروجیکٹ ڈائریکٹر کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا جام صادق پل، جو اس منصوبے کا اہم حصہ ہے، اپنی مقررہ مدت سے قبل جون 2025 میں مکمل کر لیا جائے گا، جب کہ اس کی اصل تکمیل کی تاریخ ستمبر 2025 تھی۔ اجلاس کو بریفنگ کے دوران آگاہ کیا گیا ڈیپو 1 اور ڈیپو 2 کی تعمیر بھی تیزی سے جاری ہے اور ہماری کوشش ہے۔
ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ:
سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو نے ریڈ لائن بی آر ٹی کی پیش رفت پراجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈیپوز،اسٹیشنز اور بائیو گیس پلانٹ کی تعمیر کے حوالے سے کام بھرپور انداز میں جاری ہے۔
شرجیل میمن نے ہدایات جاری کی کہ تمام متعلقہ ادارے ڈیپو اور بائیو گیس پلانٹ کو جلد از جلد مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام جدید، محفوظ اور قابل اعتماد ٹرانسپورٹ کے منتظر ہیں۔ ہمیں ان منصوبوں کو نہ صرف وقت پر مکمل کرنا ہے بلکہ ان میں اعلیٰ معیار اور شفافیت بھی یقینی بنانی ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا جام صادق پل کی قبل از وقت تکمیل ایک خوش آئند پیش رفت ہے، مگر ہمیں اس تسلسل کو برقرار رکھنا ہوگا، ہمیں فوری طور پر سندھ کے مختلف اضلاع میں کم از کم 500 نئی بسوں کی اشد ضرورت ہے تاکہ دیہی اور شہری علاقوں میں ٹرانسپورٹ کے مسائل کا خاتمہ کیا جا سکے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا حکومت سندھ عوام کو باوقار اور آسان سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، گرین لائن بی آر ٹی منصوبے کا انتظام حکومت سندھ کے سنبھالنے کے بعد اس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین لائن کی یومیہ رائڈرشپ 50,000 سے بڑھ کر 61,000 تک پہنچ گئی ہے، شہری اب پبلک ٹرانسپورٹ کو ترجیح دے رہے ہیں۔