اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے خضدار میں اسکول بس پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس کو بزدلانہ اور قابلِ نفرت فعل قرار دے دیا ہے۔ سلامتی کونسل کی جانب سے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا گیا۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کہا کہ حملے میں 4 بچوں سمیت 6 پاکستانی جاں بحق اور 53 زخمی ہوئے ہیں۔ دہشت گردی عالمی امن و سلامتی کے لیے بڑا خطرہ ہے، ذمے داروں، مالی مدد گاروں اور منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
مزید پڑھیں:سانحہ خضدار: معصوم بچوں کی شہادت پر امریکی سفارتخانے کی شدید مذمت
سلامتی کونسل کی جانب سے تمام ریاستوں سے پاکستان سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا کہ دہشت گردی کسی بھی صورت اور مقصد سے جائز نہیں ہو سکتی۔ سلامتی کونسل نے عالمی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق دہشت گردی کے خاتمے پر زور دیا۔
یاد رہے کہ دو روز قبل بلوچستان کے علاقے خضدار میں اسکول بس پر دہشتگرد حملہ ہوا تھا، دہشتگرد حملے میں 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید ہوئے اور کئی بچے زخمی ہوئے تھے۔ گزشتہ روز ایک بچی دوران علاج دم توڑ گئی اور یوں شہدا کی تعداد 6 ہوگئی۔