کراچی میں گرمی کی شدت بڑھتے ہی ڈائریا کےمرض میں اضافہ ہوگیا ہے۔ جیو نیوز کے مطابق شہر قائد میں گرمی کی شدت بڑھتے ہی ڈائریا کےمرض میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق صدر پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن سندھ ڈاکٹر وسیم جمالوی نے بتایا کہ سرکاری اسپتالوں میں روزانہ درجنوں ڈائریا کے مریض لائے جارہے ہیں اور ڈائریا سے سب سے زیادہ متاثر بچے ہورہے ہیں۔
ڈاکٹر وسیم کے مطابق آلودہ پانی اور غیر معیاری کھانا ڈائریا کی بڑی وجہ بن رہا ہے جب کہ ڈائریا کے باعث جسم میں پانی کی کمی سے جان کا خطرہ ہو سکتا ہے۔ ڈاکٹر وسیم جمالوی نے شہریوں کو ہدایت دی کہ شہری اُبلا ہوا پانی پیئیں اور ہاتھ باقاعدگی سے دھوئیں۔
مزید پڑھیں: کراچی میں موسم گرم اورمرطوب رہنے کا امکان
واضح رہے کہ کراچی میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم و مرطوب رہنے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 گری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں شمال مغرب سے چلنے والی گرم اور خشک ہواؤں کی رفتار 5 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔