Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

سندھ اسمبلی میں بھارتی جارحیت کی مذمتی قراردار متفقہ طور پر منظور

Sindh assembly

سندھ اسمبلی کے اجلاس میں  پاکستان کی مسلح افواج کی بھارت کے خلاف تاریخی فتح پر خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، قائد حزب اختلاف علی خورشیدی، اور دیگر ارکان نے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہا۔ قرارداد کو وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے “یوم تشکر” کی مناسبت سے پیش کیا، جس کی تمام اراکین نے حمایت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا خطاب

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاک فوج، نیوی، اور فضائیہ کی فیصلہ کن کارروائی کو تاریخی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ 7 مئی کی صبح بھارت نے چار مقامات پر میزائل حملے کیے، جن میں نہتے شہری شہید ہوئے اور مساجد کو نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے بھارتی میڈیا کے جھوٹے پروپیگنڈے کو “کارٹون نیٹ ورک” سے تشبیہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور، سیالکوٹ، اور کراچی کے تباہ ہونے کے دعوے مضحکہ خیز تھے۔

قائد حزب اختلاف علی خورشیدی نے کہا کہ پاکستان نے گھنٹوں میں بھارت کو دھول چٹائی۔ بھارت سیاسی، سفارتی، اور عالمی محاذ پر ہار چکا ہے۔ پاک فوج کو پیشہ ور فوج قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم جنگ میں مجاہد بن جاتی ہے

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ عالمی دنیا کو بھارت کو ہتھیار فروخت نہیں کرنے چاہئیں، کیونکہ وہ نہ انہیں سنبھال سکتا ہے نہ چلا سکتا ہے

سید سردار شاہ کا خطاب

وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے کہا کہ ہندو اور مسلمان صدیوں سے ساتھ رہتے تھے، لیکن آر ایس ایس اور بی جے پی نے نفرت پھیلائی۔ انہوں نے مہاتما گاندھی کے قتل کا ذمہ دار آر ایس ایس کو ٹھہرایا اور مودی کو ہندوستان کی تباہی کا باعث قرار دیا۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو کمزور سمجھا، لیکن پاک فوج نے بھارت میں گھس کر اس کا غرور خاک میں ملا دیا۔

وزیر آبپاشی سندھ جام خان  شورو نے کہا کہ پاکستان نے ذمہ دار ایٹمی ریاست کا ثبوت دیا۔ انہوں نے کلبھوشن یادیو اور ابھینندن کی رہائی کا ذکر کرتے ہوئے بھارت کے جنونی چہرے کو بے نقاب کیا۔

ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر افتخار عالم نے کہا کہ بھارتی ایجنسی “را” دہشت گردی میں ملوث ہے اور پاک فوج نے ان کی سرحدوں میں گھس کر ایئر بیسز تباہ کیں۔

مودی گجرات کا قصائی ہے، سراج درانی

پیپلز پارٹی کے آغا سراج نے کہا کہ مودی گجرات کا قصائی ہے اور ہندوستان کو تباہ کر دے گا۔ انہوں نے قرارداد کی حمایت کی اور جذباتی تقاریر سے گریز کا مشورہ دیا

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ مودی پر امریکا میں پابندی تھی اور “را” دہشت گردی میں ملوث ہے۔ انہوں نے پاک فوج کی کامیابی پر قوم کے جشن کو سراہا اور ملک کے خلاف بولنے والوں کی شہریت ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر محمد فاروق نے کہا کہ اللہ نے پاکستانی قوم کو متحد کیا۔ انہوں نے پاک فوج، میڈیا، اور قوم کی یکجہتی کو سراہا، اور سندھ طاس معاہدے اور کشمیر کے حل پر زور دیا۔ انہوں نے بھٹو اور ڈاکٹر قدیر کو خراج عقیدت پیش کیا۔

قرارداد میں بھارت سے فوری جنگ بندی، کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل، اور آبی وسائل کی منصفانہ رسائی کی ضمانت کا مطالبہ کیا گیا۔ ایوان نے قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کا عزم دہرایا۔

سندھ اسمبلی کے ارکان نے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر وطن کے دفاع کے لیے یکجہتی دکھائی۔ وزیراعلیٰ، قائد حزب اختلاف، اور دیگر ارکان کے خطابات نے قوم کے جذبے کو بلند کیا۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button