ملک کے بیشتر علاقوں میں ہیٹ ویو آج بھی برقرار رہے گی جبکہ کراچی کا موسم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی کا مطلع ابھی ابر آلود ہے اور آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے، ہوا میں زائد نمی کےباعث درجہ حرارت کی شدت زائد محسوس کی جاسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہوائیں 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی و میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جو کہ ہیٹ ویو کی سنگین صورت اختیار کر سکتا ہے۔
گزشتہ روز سندھ کے علاقے دادو اور بلوچستان کے تربت میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جو رواں سال کا اب تک کا بلند ترین درجہ حرارت شمار کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح ڈیرہ غازی خان میں پارہ 47 ڈگری، بھکر، بہاولنگر، رحیم یار خان اور نوکنڈی جیسے شہروں میں 46 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
مزید پڑھیں:محکمۂ موسمیات نے ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کردیا
لاہور سمیت صوبے کے کئی علاقوں میں گرم اور خشک موسم کا راج ہے۔ لاہور میں درجہ حرارت کم سے کم 28 اور زیادہ سے زیادہ 43 ڈگری تک پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے 2 سے 3 روز تک موسم میں کسی قسم کی بارش کی کوئی امید نہیں ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے صوبے بھر میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کر رکھا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 19 مئی تک پنجاب کے میدانی اور شہری علاقوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ موجود ہے، جو انسانی صحت کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔
موسمیات اور طبی ماہرین نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دوپہر کے وقت غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، سر کو ڈھانپ کر رکھیں اور پانی و دیگر مشروبات کا زیادہ استعمال کریں تاکہ جسم میں نمی کی کمی نہ ہو۔
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی تنبیہ کر دی تھی کہ 20 مئی تک ملک کے بیشتر علاقوں میں ہیٹ ویو کی شدت برقرار رہے گی، اس لیے عوام کو موسم کی شدت سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔
۔