اگر آپ کا قومی شناختی کارڈ صرف اس لئے نہیں بن پا رہا ہے کہ آپ کے بہن بھائیوں کے نادرا ڈیٹا میں والدہ کا نام غلطی سے مختلف درج ہو گیا ہے، اور والدہ بھی وفات پاچکی ہیں تو پریشان نہ ہوں، نادرا حکام نے اسطرح کے کیسز کا آسان حل بتا دیا ہے۔
نادرا حکام کا کہنا ہے کہ ایسی صورتحال میں تمام بہن بھائی قریبی نادرا سینٹر جائیں، بڑے بہن بھائی جن کا قومی شناختی کارڈ بنا ہوا ہو وہ اپنا اوریجنل شناختی کارڈ ساتھ رکھیں جبکہ والدہ کا نادرا سے جاری کردہ ڈیتھ سرٹیفیکیٹ بھی موجود ہونا چاہیے۔
باری آنے پر متعلقہ کاونٹر پر جائیں اور نادرا آفیسر کو مسئلے سے آگاہ کریں، نادرا آفیسر آپکو زونل بورڈ میں ریفر کر دیں گے، وہاں پر آپ تمام بہن بھائیوں کو اس بات کی گواہی دینی ہو گی، کہ آپ تمام افراد ایک ہی ماں کے بچے ہیں جو اب حیات نہیں، زونل بورڈ میں والدہ کا ڈیتھ سرٹیفیکیٹ بھی پیش کرنا ہو گا۔
مزید پڑھیں:نادرا کی چہرے سے بائیومیٹرک تصدیقی سہولت متعارف
زونل بورڈ آپ تمام بہن بھائیوں کا بائیو میٹرک کرے گا، آپ کی گواہی کو ریکارڈ کیا جائے گا اور اسکے بعد آپ کا نیا فیملی رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ جاری کردیا جائے گا، جس میں والدہ کا درست نام درج ہو گا، اسکے بعد آپ اپنے شناختی کارڈ کے لئے اپلائی کر سکیں گے۔