سندھ کے 22 اضلاع میں مختلف بلدیاتی اداروں کی 67 بلدیاتی نشستوں پر میں سے 25 پر پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں کے امیدوار بلامقابلہ کامیاب، جبکہ 4 نشستیں کاغذات نامزدگی جمع نہیں ہونے پر خالی رہ گئی، 38 نشستوں پر مقابلہ ہوگا، کراچی کے 3 اضلاع میں یونین کمیٹی کے چئیرمین، وائس چیئیرمین اور وارڈ کونسلر کی 5 نشستوں کے لئے پاکستان پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں کے امیدوار مد مقابل ہیں۔
الیکشن کمیشن سندھ کے مطابق صوبہ سندھ کے مختلف اضلاع میں یونین کمیٹی، یونین کونسل، ٹائون کمیٹی کے چئیرمین، وائس چیئیرمین اور وارڈ کونسلرز کی 67 نشستوں کے لئے ضمنی انتخاب 24 ستمبر کو ہوگا، کاغذات نامزدگی واپس لینے کا عمل منگل (9 ستمبر ) کو مکمل ہوچکاہے، امیدواروں کی حتمی فہرست بدھ (10 ستمبر) کو جاری ہوگی۔
مزید پڑھیں:سندھ کی 81 بلدیاتی نشستوں کے لئے 319 امیدواروں کے کاغذات منظور
صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان کے مطابق ضلع شکار پور کی 2، ضلع شہید بے نظیر آباد کی 6، ضلع مٹیاری کی 3، ضلع حیدرآباد کی 4، جبکہ ضلع نوشہرو فیروز، ضلع تھر پارکر، ضلع جامشورو اور ضلع عمر کوٹ کی ایک ایک نشست پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں، جبکہ ضلع شکار پورکی ایک اور ضلع حیدر آباد کی 4 نشستیں کاغذات نامزدگی جمع نہ ہونے پر خالی رہ گئی ہیں اور 38 نشستوں پر مقابلہ ہوگا۔
کراچی
سب سے دلچسپ صورتحال کراچی کی 5 نشستوں پر ہے، جہاں پر پاکستان پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے مابین مقابلہ ہوگا۔ کراچی کی خالی نشستوں میں ضلع شرقی کے سہراب ٹائون کی یونین کمیٹی نمبر 8 میں وائس چئیرمین، ضلع غربی کے اورنگی ٹائون کی یونین کمیٹی نمبر 1 میں چئیرمین، اورنگی ٹائون کی یونین کمیٹی نمبر 7 میں وارڈ کونسلر، منھگو پیر ٹائون کی یونین کمیٹی نمبر 10 میں وائس چئیرمین اور ضلع کیماڑی کے بلدیہ ٹائون کی یونین کمیٹی نمبر 8 میں وائس چئیرمین کی نشست کے لئے پولنگ ہوگی۔