سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نواز کے صدر نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے بنگلادیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کے مشیربرائے مذہبی امور ڈاکٹرخالد حسین نے گزشتہ روز لاہور میں ملاقات کی۔
جاری بیان کے مطابق ملاقات میں بنگلادیش کے ہائی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین خان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں بنگلادیش میں پاکستانی طلبہ کےلیے 500 نئی اسکالر شپس کا اعلان کیا گیا۔ اس موقع پر نواز شریف نے کہاکہ پاکستانی عوام کے دل آج بھی بنگلادیشی بھائیوں کی محبت سےموجزن ہے، پاکستان اور بنگلا دیش کی باہمی قربت بڑھانےکا بہترین وقت ہے، بنگلا دیش اپنے عوام کی معاشی ترقی کے حوالے سے تیزی سے ابھر کر سامنے آیا۔
میاں محمد نواز شریف نے کہاکہ پاکستانی عوام کے دل آج بھی بنگلہ دیشی بھائیوں کی محبت موجزن ہے۔ ایم ایم عالم کو آج بھی پاکستانی قوم اپنا ہیرو سمجھتی ہے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کی باہمی قربت بڑھانے بہترین وقت ہے۔ بنگلہ دیش اپنے عوام کی معاشی ترقی کے حوالے سے تیزی سے ابھر کر سامنے آیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہاکہ پاکستان اور بنگلادیش کا رشتہ سرحدوں سے بالاترنسل درنسل بھائی چارےپرمشتمل ہے، تجارت اور براہ راست رابطے پاکستان، بنگلادیش کے عوامی تعلقات کوتقویت بخشیں گے، پنجاب بنگلادیش کے ساتھ گرین انرجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کاخواہاں ہے۔ بنگلادیش کے ساتھ فلڈ منیجمنٹ، زرعی پائیداری میں بھی شراکت داری کاخیرمقدم کریں گے، خطے میں امن، خوشحالی کےلیے دوطرفہ دوستی کودیرپا شراکت داری میں بدلیں گے۔
بنگلادیش کے ہائی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین خان نے کہاکہ بنگلہ دیش کے عوام ایٹمی دھماکہ کرنے پر میاں نواز شریف کو بڑے ہیرو کے طور پر دیکھتے ہیں۔ نواز شریف آج بھی بنگلہ دیشی عوام کے دل میں بستے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی عوامی خدمات اور سرگرمیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔