کراچی میں آج موسم جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہریوں کو شدید گرمی اور حبس کا سامنا رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس وقت شہر کا درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری تک رہنے کی توقع ہے۔
صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شہر میں سمندری ہوائیں جزوی طور پر بحال ہو گئی ہیں، جو مغرب جنوب مغربی سمت سے 14 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔
مزید پڑھیں:نیا مون سون سسٹم؛ کراچی میں بارش ہوگی یا نہیں؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو آگاہ کیا ہے کہ 7 ستمبر سے 9 ستمبر کے درمیان کراچی میں بارشوں کا امکان ہے۔ دوسری جانب اتوار سے بدھ تک سندھ ، پنجاب اور بلوچستان کے متعدد شہروں میں وقفے وقفے سے تیز بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں مزید بارشوں سے صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔