Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

صدر اور وزیر اعظم کا 41 ملین سے زائد نئے پودے لگانے کا اعلان

President, PM announced planting of more than 41 million new tree

صدر مملکت اور وزیر اعظم نے شجر کاری مہم کے دوران 41 ملین سے زائد نئے پودے لگانے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے گرین پاکستان پروگرام کو آگے بڑھانے کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلیوں پر اجتماعی ردعمل پر زور دیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مون سون شجر کاری مہم کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملک گیر شجر کاری مہم کا آغاز 18 اگست کو ایک ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے شدید خطرات کا سامنا ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں فیصلہ کن انداز میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے، شجر کاری مہم پاکستان کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے، درخت لگانا ہر شہری کا قومی فریضہ ہے۔

آج ہم ملک گیر شجر کاری مہم کا آغاز ایسے وقت کر رہے ہیں جب پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے شدید خطرات لاحق ہیں، اس سال اگست سے اکتوبر تک پاکستان بھر میں 41 ملین سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ درخت ماحول کیلئے زندگی کی علامت اور موسمیاتی تبدیلی کے خلاف سب سے مضبوط ڈھال ہیں، قوم کی ترقی جنگلات اور قدرتی ماحول کے تحفظ پر منحصر ہے، جنگلات کی کٹائی، درجہ حرارت میں اضافہ اور بار بار آنے والے سیلاب لاکھوں زندگیاں متاثر کر رہے ہیں۔

آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ شہری سرسبز، صاف اور خوشحال پاکستان کے لیے پودے لگائیں، ہر لگایا گیا درخت آفات کے خلاف ڈھال اور آئندہ نسلوں کے لیے زندگی کا ذریعہ ہے، حالیہ سیلاب اور بارشوں نے ملک کے مختلف حصوں میں تباہی مچائی، ہمیں گرین پاکستان پروگرام کو کامیاب بنانا چاہیے۔

مزید پڑھیں:کراچی کے گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن(شرقی) میں شجرکاری مہم کاآغاز

صدر مملکت نے مزید کہا کہ تمام اہل وطن شجر کاری مہم کے نیک مقصد میں اپنا حصہ ڈالیں، نوجوان تبدیلی کے سفیر بن کر شجر کاری مہم کی قیادت کریں، کسان درخت لگا کر اپنی فصلوں اور ماحول کی حفاظت کرسکتے ہیں، میڈیا، سول سوسائٹی، کمیونٹی رہنما اور علماءعوام کو اس قومی فریضے کی حمایت کے لیے متحرک کریں۔

وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت گرین پاکستان پروگرام کے تحت جنگلات کے تناسب اور مٹی کی زرخیزی کو بڑھانے کے لیے تمام دستیاب ذرائع اور قدرتی حل استعمال کرتے ہوئے شجرکاری مہم کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اس اہم قومی، ماحولیاتی اور موسمیاتی فریضے کو پورا کرنے کے لیے ذمہ داری کا احساس پیدا کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ شجرکاری، انسانی زندگی پر اپنے مثبت اثرات کے ساتھ، ملک کے انمول قدرتی وسائل، نباتات اور حیوانات کے تحفظ اور ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button