سندھ حکومت نے 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کو سولر سسٹم فراہم کرنےکا اعلان کیا ہے ۔ منصوبے کے تحت کراچی سمیت صوبے بھر کے ایک لاکھ تیس ہزار خاندانوں کو مفت ہوم سولر سسٹم فراہم کیا جائے گا ۔
فیصلے کا مقصد غریب خاندانوں کو مہنگی بجلی سے نجات دلانے اور توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دیناہے۔
سندھ کا ہر وہ شہری جس کا گذشتہ 6 ماہ کا بجلی کا بل100 یونٹ سے کم ہو اور اس نے کسی اور منصوبے کے تحت سولر سسٹم حاصل نہ کیا ہو وہ درخواست دینے کا اہل ہو گا ۔
خواہش مند شہری اپنے بجلی کے بل اور قومی شناختی کارڈ کے ہمراہ درخواست فارم فل کرکے پراجیکٹ آف سولر ہوم سسٹم آن گرڈ محکمہ توانائی سندھ کے آفس میں جمع کراسکتے ہیں ، درخواست فارم کا اپنے یوسی چیئرمین یا کسی بھی گزیٹڈ آفیسر سے تصدیق کرانا لازمی ہے ۔ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 اگست ہے ۔
حکام کے مطابق درخواست دینے کا ہرگز مطلب نہیں کہ آپ سولر سسٹم کے حقدار ہو گئے ہیں ۔ مقررہ حد یعنی ایک لاکھ 30 ہزار سے ذائد درخواست کی صورت میں قراندازی کی جائے گی ۔ پراجیکٹ مانیٹرگ کمیٹی کا فیصلہ حتمی ہو گا جسے کہیں چیلنج نہیں کیا جاسکے گا۔ ہوم سولر سسٹم این جی او کے تحت فراہم اور نصب کیا جائے گا جبکہ تھرڈ پارٹی پراجیکٹ کی نگرانی کرے گی ۔