ملک میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل ہوگیا ہے، محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں میں آج (4 اگست) سے جمعرات تک موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کردی ہے۔
تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں سرمئی بادل چھائے ہوئے ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کا امکان ہے، شہر میں گزشتہ رات ہونے والی ہلکی بارش سے موسم خوشگوار اور درجہ حرارت میں کمی ہوگئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 26.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جنوب مغربی سمت سے 19 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جس میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے۔
مزید پڑھیں:کراچی میں نیا مون سون سسٹم برسنے کا امکان
محکمہ موسمیات آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب چھ اگست کو بلوچستان میں بھی تیزبارش کا امکان ہے، راولپنڈی اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بادل برس پڑے، محکمہ موسمیات نے پنجاب کے 20 سے زائد اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ ملک کے میدانی علاقوں میں گرمی اور حبس کی لہر برقرار رہے گی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سیالکوٹ، نارووال، میرپور آزاد کشمیر میں بھی تیز اور ہلکی بارش ہوئی ہے، مظفرآباد، راولا کوٹ، وادی نیلم، دیامر، اسکردو اور گلگت میں شدید بارشوں کا امکان ہے، پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، بارش کا نیا سلسلہ پہلے سے موجود سیلابی صورت حال مزید سنگین بنا سکتا ہے۔