کراچی میں آج ٹھنڈی سمندری ہواؤں اور بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں آئندہ 3 روز کے دوران موسم زیادہ تر ابرآلود رہنے کا امکان ہے، جب کہ مختلف علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں سمندری ہوائیں بدستور چلتی رہیں گی اور درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے، جس سے موسم مرطوب اور قدرے خوشگوار رہ سکتا ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج کم سے کم درجہ حرارت 27.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جنوب مغربی سمت سے 22 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 73 فیصد ہے۔
مزید پڑھیں:ملک میں بارشوں سے تباہی، مجموعی ہلاکتیں 233 ہوگئیں
صوبہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں بھی مطلع جزوی طور پر ابرآلود اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے تھرپارکر، بدین اور ٹھٹھہ کے علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی کی پیش گوئی کی ہے، جس سے مقامی سطح پر موسم میں تبدیلی آ سکتی ہے۔
دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے اثرات سندھ کے دریائی نظام پر بھی ظاہر ہو رہے ہیں۔ گڈو بیراج اور سکھر بیراج میں نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جب کہ کوٹری بیراج پر پانی کا بہاؤ فی الحال معمول کے مطابق ہے۔ محکمہ آبپاشی اور ضلعی انتظامیہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔