سندھ بھر میں یکم اگست سے 14 اگست تک تقریبات ، روایتی اور ثقافتی پروگرامات کا سلسلہ جاری رہے گا ، وزیراعلیٰ نے شیڈول کا اعلان کردیا۔
تقریبات کا مرکزی موضوع معرکہ حق ہو گا جو قومی فخر اور ظلم کے خلاف سچ کی فتح کی علامت ہو گا۔وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے مطابق اس سال کی تقریبات صرف رسمی تقریبات تک محدود نہیں ہوں گی بلکہ ان کا مقصد وطن سے محبت کے جذبے کو نئی روح دینا، سندھ کی ثقافتی خوبصورتی کو اجاگر کرنا اور ان لوگوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جنہوں نے حالیہ سیلابوں کے بعد اپنی زندگیاں دوبارہ سے تعمیر کیں۔
وزیر اعلی کے مطابق رواں برس یومِ آزادی نہ صرف آزادی کا دن ہو گا بلکہ بھارت کے خلاف سچ کی فتح کی یاد بھی تازہ کرے گا جو ایک آزاد قوم کی پہچان اور مظلوم اقوام کی حالت زار میں فرق کو اجاگر کرے گا۔ جشنِ آزادی کے موقع پر معاشی بہتری کے منصوبے بھی عوام کے سامنے لائے جائیں گے جن میں ان کا فلیگ شپ پروگرام “اُڑان پاکستان” بھی شامل ہو گا۔
تقریبات کا شیڈول
صوبے بھر میں تقریبات کا سلسلہ یکم اگست سے ہو گا عمارات، گاڑیوں اور رکشوں کی سجاوٹ کا مقابلہ ہو گا ۔ 5اگست کو کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے خلاف تقریب، ونٹیج کار اور ہیوی بائیک ریلیاں، خواتین میلے، مصوری، گائیکی، شاعری کے مقابلے، رکشہ ریلی منعقد ہو گی، انسانی زنجیر بھی بنائی جائے گی ۔
8اگست کو حیدرآباد میں خصوصی تقریب منقد ہو گی جبکہ کراچی میں میئر الیون بمقابلہ منسٹرز الیون کرکٹ میچ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ 9اگست کو قلندرز الیون بمقابلہ بھٹائی الیون میچ ہو گا جس میں وزیر اعلیٰ خود بھی حصہ لیں گے جبکہ ملاکھڑا (کشتی) مقابلہ اور جہانگیر کوٹھیری پارک میں کنسرٹ بھی پلان ہے ۔
10اگست کو سکھر میں تقریب جبکہ کراچی میں کلِفٹن سے فریئر ہال تک گدھا گاڑی ریس اور میراتھن کا اہتمام کیا گیا ہے. 11اگست کو یومِ اقلیت کے موقع پر اقلیتی امور کا بڑا پروگرام، معذور افراد کے لیے خصوصی میلہ منعقد ہو گا .
13اگست کو سی ویو سے بوٹ بیسن تک ثقافتی کشتی فلوٹ،خواتین کی چوکنڈی تک سائیکل ریلیسمیت اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کے زیر اہتمام 114 سے زائد پروگرامز منعقد ہونگے .
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یوم آزادی کی تقریبات کے لیے سیکیورٹی اور ٹریفک کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ عوام ان تقریبات میں بھر پور شرکت کر کے انہیں کامیاب بنانے میں تعاون کریں۔