بلوچستان میں غیرت کے نام پر مرد و عورت کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے واقعے میں ملوث مزید دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ مرد اور خاتون کے قتل کی وائرل ویڈیو میں نظر آنے والے مزید 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس کے بعد گرفتار ملزمان کی تعداد 13 ہو گئی ہے، فائرنگ کرنے والے شخص اور ویڈیو میں نظر آنے والے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث قبائلی رہنما شیر باز سمیت 13 مشتہ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں، جلد دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔ دوسری جانب بلوچستان کے علاقے سنجیدی ڈیگاری میں ایک مرد اور خاتون کو فائرنگ کر کے قتل کرنےکا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ ہنہ اوڑک تھانے میں انسداد دہشتگردی ایکٹ، قتل اور قتل میں معاونت کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ آپریشن جاری ہے، تمام ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، ریاست مظلوم کے ساتھ ہے۔
ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے بتایا کہ غیرمصدقہ اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ عیدالاضحیٰ کے قریب کا ہے، اب تک لاشیں برآمد نہیں ہوئیں، دونوں فیملیز کی جانب سے واقعے کو رپورٹ نہیں کیا گیا، ویڈیو میں نظر آنے والے افراد کی شناخت کے لیے ڈیٹا نادرا بھیجا گیا ہے۔
خیال رہے کہ بلوچستان کے علاقے سنجدی ڈیگاری میں غیرت کے نام پر مرد و عورت کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس کی ویڈیو کچھ روز قبل منظر عام پر آئی تھی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے کا نوٹس لیا تھا۔