پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویمنز کرکٹ کے سیزن 2025-26 کا کیلنڈر جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی وویمنز ٹیم اگست میں آئرلینڈ جائے گی جہاں آئرلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی پھر جنوبی افریقہ وویمنز ٹیم ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز 16 سے 22 ستمبر تک لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
وویمنز ورلڈ کپ 30 ستمبر سے 2 نومبر تک کھیلا جائے گا جس میں پاکستان وویمنز ٹیم اپنے میچز سری لنکا میں کھیلے گی۔ پاکستان وویمنز ٹیم 7 فروری سے 2 مارچ 2026 تک جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی اور اس دورہ میں تین ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز شامل ہیں۔
شیڈول کے مطابق اپریل 2026 میں زمبابوے وویمنز کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی اور زمبابوے کے خلاف سیریز 24 اپریل سے 11 مئی تک کھیلی جائے گی، اس میں تین ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز شامل ہیں۔
مزید پڑھیں:آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان، پاکستان کے میچز کہاں ہوں گے؟
وویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 12 جون سے 5 جولائی تک انگلینڈ میں شیڈول ہے مگر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے پاکستان کرکٹ ٹیم آئرلینڈ میں تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی جس میں آئرلینڈ سمیت پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیمیں شریک ہوں گی۔ پاکستان انڈر 19 وویمنز ٹیم اس سال دسمبر میں بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی، بنگلہ دیش کے دورے پر پانچ ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔
جاری شیڈول کو مطابق نیشنل وویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ 6 سے 24 نومبر تک کراچی میں ہوگا، نیشنل وویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 24 مارچ سے 17 اپریل 2026 تک کراچی میں ہوگا، دونوں قومی ٹورنامنٹس ڈبل لیگ فارمیٹ پر کھیلے جائیں گے۔ خواتین انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 15 ستمبر سے 6 اکتوبر تک کراچی میں ہوگا، اس سال اکتوبر میں خواتین کا انٹر یونیورسٹی کرکٹ ٹورنامنٹ بھی شیڈول ہے۔
ہیڈ آف وومز کرکٹ رافیہ حیدر کا کہنا ہے کہ 2025-26 کا شیڈول کھلاڑیوں کو کھیلنے کے اچھے مواقع دے گا، نوجوان کھلاڑیوں کو آگے لانے کیلئے پاتھ ویز پروگرام مضبوط ہو رہا ہے۔
رافیہ حیدر کا کہنا تھا کہ انڈر 19 ٹورنامنٹ اور بنگلہ دیش کا دورہ نوجوانوں کیلئے بڑا موقع ہے،نیا سیزن اہم ہے، دو ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹس سامنے ہیں، اچھے حریفوں کے خلاف کھیلنے سے کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر ہوگی، خواتین کرکٹ میں ڈیپارٹمنٹس کا ٹورنامنٹ شامل کرنے پر بات چیت جاری ہے۔