Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

کراچی سمیت بڑے شہروں میں نالوں کی صفائی کا کام فوری مکمل کیا جائے: وزیراعلیٰ سندھ

Important meeting chaired by CM Sindh

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اہم اجلاس میں صوبے میں متوقع بارشوں اور ممکنہ سیلابی خطرات سے نمٹنے کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ موسمیات نے آگاہ کیا کہ 17 اور 18 جولائی کو کراچی سمیت سندھ بھر میں معمول سے 10 سے 20 فیصد زیادہ بارش متوقع ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے تمام ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر ایمرجنسی پلان تیار کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ حفاظتی بندوں کی مرمت میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے پی ڈی ایم اے اور بلدیاتی اداروں کو ہنگامی حالات میں تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔

مزید پڑھیں:کراچی میں بادلوں کے ڈیرے، بارش کے کتنے امکانات؟

مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ سندھ حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے، اور تمام متعلقہ اداروں کو باہم رابطے اور تعاون کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ادارے تمام وسائل بروئے کار لائیں، پی ڈی ایم اے تمام ڈویژنل کمشنرز سے مشاورت کر کے ضروری مشینری اور سامان مہیا کرے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی سمیت بڑے شہروں میں نالوں کی صفائی کا کام فوری مکمل کیا جائے، کے ایم سی تمام چوکنگ پوائنٹس کی نشاندہی اور صفائی یقینی بنائے تاکہ پانی جمع نہ ہو، اسپتالوں اور واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

اجلاس میں صوبائی وزراء، شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، جام خان شورو، ضیاء الحسن لنجار، محمد بخش مہر، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، کمشنر کراچی حسن نقوی اور صوبائی سیکریٹریز سمیت دیگر شریک تھے۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button