کراچی میں آج صبح سے بادلوں کے ڈیرے ہیں اور مختلف علاقوں میں بوندا باندی بھی ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج صبح سے بادلوں کے ڈیرے ہیں جس کے سبب مختلف علاقوں میں پھوار اور بوندا باندی ہونے کا امکان ہے اور سمندری ہوائیں بند ہونے سے حبس کی فضا برقرار ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا، شہر میں سمندری ہوائیں بند ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہے۔ اس وقت شہر کا موجودہ درجہ 29 حرارت ڈگری سینٹی گریڈ ہے لیکن گرمی کی شدت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں:کراچی کے متعدد علاقوں میں آج بھی بارش کا امکان
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری تک جاسکتا ہے، ہوا میں نمی کا موجودہ تناسب 79 فیصد ہے اس کے علاوہ جنوب مغرب سمت سے ہوائیں 10کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس دوران چند مقامات پر تیز اور موسلادھار بارش ہونے کی بھی توقع ہے۔ لاہور، شیخوپورہ، قصور، منڈی بہاؤالدین، چنیوٹ، اوکاڑہ، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ننکانہ صاحب میں بارش کا امکان ہے۔