سپریم کورٹ نے شادی کے بعد ڈومیسائل تبدیل کرنے والے سرکاری ملازمین کے پروموشن کے حق کو محفوظ کر دیا فیصلے کے مطابق شادی شدہ افراد بلخصوص خواتین بغیرکسی خوف کے اپنا ڈومیسائل تبدیل کر سکتی ہیں اور اس سے ان کی ترقی پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اب خواتین ڈومیسائل تبدیل کرنے کے بعد بھی پروموشن اور اعلیٰ عہدے حاصل کر سکیں گی، سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ نیا ڈومیسائل قابلِ قبول ہوگا اور اس تبدیلی کا صوبائی کوٹے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ خیبر پختون خواہ کے ڈومیسائل پر میڈیکل آفیسر کے طور پر ملازمت حاصل کرنے والی گولڈ میڈلسٹ ڈاکٹر شمائلہ نعیم کی درخواست پر جاری کیا ، درخواست کے مطابق ڈاکٹر شمائلہ نعیم نے شادی کے بعد شوہر کا تعلق بلوچستان ہونے کی وجہ سے اپنا ڈومیسائل تبدیل کر کے بلوچستان کا کروا لیا۔
بعد ازاں، انہوں نے اسلام آباد میں ایسوسی ایٹ پروفیسر گریڈ-19 کے عہدے کے لیے درخواست دی، مگر تحریری امتحان میں ٹاپ کرنے کے باوجود اصل ڈومیسائل خیبر پختونخوا کا ہونے کی وجہ سے انٹرویوکے لیے نہیں بلایا گیا ۔
سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ شادی شدہ خاتون کے پاس قانونی اختیار ہے کہ وہ اپنے شوہر کا ڈومیسائل اختیار کرے یا اپنا ہی رکھے۔ درخواست گزار کا شوہر کا ڈومیسائل اپنانا قانونی طور پر جائز ہے، امیدوار کی درخواست کو بلوچستان کے ڈومیسائل کی بنیاد پر 2 ہفتوں میں گریڈ 19 کے عہدے کے لیے زیر غور لایا جائے۔