پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے گاڑیاں بند کرنے اور ہڑتال کی دھمکی دے دی ہے۔
سابق رکن سندھ اسمبلی صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کو دیوار سے لگایا جارہا ہے، ٹرانسپورٹرز مزید اس طرح نہیں کاروبار کر سکتے ہیں۔
ملک شہزاد اعوان کا کہنا ہے کہ حکومت کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، حکومت نے رات کی تاریکی میں عوام پر پیٹرول بم مارا ہے، سندھ اور بلوچستان میں ہماری گاڑیوں کو نظر آتش کیا گیا، پنجاب میں اسلحے کے زور پر لوٹا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں:پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کی ملک گیر احتجاج کی دھمکی
صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ حکومت ہمیں مجبور کر رہی ہے کہ ہم اپنا کاروبار بند کر کہ ملک گیر ہڑتال کی طرف چلے جائیں، وفاقی بجٹ میں ودہولڈنگ ٹیکس 4 فیصد سے بڑھا کہ 6 فیصد کردیا ہے، حکومت کو احساس دلائیں گے کہ ٹرانسپورٹرز کی اہمیت کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک گیر ہڑتال میں نقصان کی زمہ دار وفاقی حکومت ہوگی، ٹرانسپورٹرز رہنماؤں سے مشاورت کے بعد بڑا فیصلہ کریں گے۔