Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کی ملک گیر احتجاج کی دھمکی

Goods Transporters

پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس اور یونائیٹڈ گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے سندھ حکومت کو 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے اور جائز مطالبات کو فوری تسلیم کیا جائے، بصورت دیگر ملک گیر احتجاج کا آغاز کیا جائے گا۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران الائنس کے رہنما ملک شہزاد اعوان اور دیگر نے کہا کہ پہلے کینال کے مسئلے پر 12 دن قومی شاہراہیں بند رہیں، اور اب مورو ببرلو کے مقام پر احتجاج کے باعث سڑکیں بند ہیں، جس سے گڈز ٹرانسپورٹ سیکٹر کو 28 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز محب وطن شہری ہیں جو ملکی معیشت کو سہارا دینے میں حکومت کا ساتھ دیتے ہیں، مگر اس کے باوجود ان کے ساتھ مسلسل ناانصافیاں ہو رہی ہیں۔ اگر 48 گھنٹوں میں کوئی سنجیدہ قدم نہ اٹھایا گیا تو ملک بھر سے چالیس ہزار گاڑیاں وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے لا کر کھڑی کر دی جائیں گی۔

رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر ان گاڑیوں کو حکومت چاہے تو خود نذرِ آتش کر دے، مگر وہ اپنا احتجاج واپس نہیں لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر گڈز ٹرانسپورٹ کا پہیہ رکا، تو پورے ملک کی معیشت رک جائے گی، لہٰذا حکومت ہوش کے ناخن لے اور فوری طور پر ٹرانسپورٹ سیکٹر کو بحران سے نکالے۔

 

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button