اب کراچی کے باسی جدید اور کمپیوٹرائزڈ طریقے سے ڈرائیونگ سیکھیں گے ۔ سندھ پولیس نے کراچی کے پولیس ٹریننگ کالج سعیدآباد میں ڈرائیونگ ٹریننگ اسکول قائم کردیا ۔
ڈرائیونگ ٹریننگ اسکول میں کار، موٹر سائیکل کے ساتھ ساتھ لائیٹ ٹرانسپورٹ وھیکلز اور ہیوی ٹرانسپورٹ وھیکلز چلانے کی تربیت دی جائے گی۔شہریوں کو تین مراحل میں 8گھنٹے دورانیے کے تربیتی کورس کے دوران ڈرائیونگ اور ٹریفک کے رہنماءاصول سکھائے جائیں گے۔ تربیت کے دوران کلاس روم لیکچر، میدان میں گاڑی چلانا اورکمپیوٹرائزڈ تعلیم فراہم کی جائے گی۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے مطابق کراچی میں پائلٹ پروجیکٹ کے تحت پہلا رائیونگ اسکول قائم کیا گیا ہے۔ کراچی کے بعد ایسے ڈرائیونگ ٹریننگ اسکولز حیدرآباد، لاڑکانہ اور خیرپورمیں بھی قائم کیے جائیں گے۔
ڈرائیونگ ٹریننگ اسکول کو اسی سال اپگریڈ بھی کیا جائے گا جس میں ڈرائیونگ سیمولیٹرز کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ ڈرائیونگ ٹریننگ اسکول کے انتظامی اور تدریسی عاملات ڈی آئی جی ٹرننگ برانچ کے ماتحت ہونگے ۔
آئی جی سندھ کے مطابق حادثات کی روک تھام کا واحد راستہ تربیت یافتہ ڈرائیورز ہیں ۔ٹریننگ اسکول کے قیام کا مقصد محفوظ ڈرائیونگ اور روڈ سیفٹی کے فروغ کے زریعے حادثات کی روک تھا م اور شہریوں کی زندگیاں محفوظ بنانا ہے ۔ اسی مقصد کے لیے نہایت پروفیشنلز انداز میں کام کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ہر ڈرائیور سڑک پر نہ صرف خود محفوظ رہے بلکہ دوسروں کی حفاظت کا بھی ضامن بنے۔