گلشن اقبال ٹاؤن کونسل کا سالانہ بجٹ برائے مالی سال 2025-26 ٹاؤن کونسل اجلاس میں چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد کی صدارت میں پیش کیا گیا، جسے تمام اراکینِ کونسل نے اتفاقِ رائے سے منظور کرلیا۔ بجٹ کا مجموعی حجم 1 ارب 62 کروڑ 45 لاکھ روپے رکھا گیا ہے۔
چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے بجٹ کو ترقی، شفافیت اور مشاورت کا عکاس قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری افسران اور عوامی نمائندے ایک گاڑی کے دو پہیے ہیں۔ بجٹ کی تیاری میں بین الاقوامی معیار اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھا گیا، جبکہ شہریوں کی آرا و تجاویز کو بھی شامل کیا گیا تاکہ عوام کو بلدیاتی سطح پر زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اختلافات فطری ہیں، لیکن انہیں باہمی مشاورت سے حل کیا جانا چاہیے۔ گزشتہ مالی سال کے دوران بجٹ میں طے شدہ آمدنی کے اہداف کا 82 فیصد صرف 11 ماہ میں حاصل کرلیا گیا، جو بجٹ کی حقیقت پسندی اور مالی نظم و ضبط کا مظہر ہے۔
مزید پڑھیں:کراچی کے علاقے گلبرگ ٹاؤن کا گرین بجٹ پیش کردیا گیا
اجلاس میں اپوزیشن لیڈر اسلم کلمتی نے کہا کہ گلشن اقبال کے تمام اراکینِ کونسل ایک خاندان کی مانند ہیں۔ منظور شدہ بجٹ میں بنیادی بلدیاتی خدمات ،صفائی و ستھرائی ،سڑکوں کی مرمت ،اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب و بہتری ،پارکس کی بحالی ودیگر ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈ رکھے گئے ہیں۔ اس موقع پر وائس چیئرمین ابراہیم صدیقی و دیگر تمام اراکین کونسل سمیت محکمہ جاتی افسران بھی موجود تھے ۔