ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس مطالبہ کو مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ایران غیر مشروط سرینڈر کر دے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا سرکاری ٹی وی پر اہم پیغام جاری کیا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے بہت بڑی غلطی کی ہے اسے سزا ضرور ملے گی۔
آیت اللہ خامنہ ای نے واضح کیا کہ شہدا کے خون اور اپنی سرزمین پر حملے کو نہیں بھولیں گے، دشمن مسلم ممالک میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے، ہماری قوم اپنے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جانے دے گی، ایرانی قوم فضائی حدود کی خلاف ورزیوں پر خاموش نہیں رہے گی۔
مزید پڑھیں:ہم صیہونیوں پر رحم نہیں کریں گے، سخت جواب دیں گے: آیت اللّٰہ خامنہ ای
انہوں نے خبردار کیا کہ صیہونی حکومت کو اپنے اقدامات کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا، ایران کی تاریخ سے باخبر لوگ جانتے ہیں ہم دھمکیوں کا جواب کیسے دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تنازع میں امریکی فوج کی مداخلت سے بلاشبہ ناقابل تلافی نقصان ہوگا، امریکا جان لے کہ ایران ہتھیار نہیں ڈالے گا، ایران کے دفاع کیلیے فوج حکومتی حمایت کے ساتھ پوری طرح تیار ہے، یہ قوم کبھی بھی دباؤ کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای آسان ہدف ہیں، ہمیں معلوم ہے وہ کہاں چھپے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ ہمارا صبر جواب دے رہا ہے، سپریم لیڈر کو کم از کم ابھی نہیں مارنا چاہتے وہ فی الحال محفوظ ہیں، ہم چاہتے ہیں ایرانی میزائل امریکی فوجیوں پر نہ گرے۔