ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ سے متعلق پاکستانی سفیر کی جانب سے ایران میں پاکستانی شہریوں کےلیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
پاکستانی سفیر برائے ایران مدثر ٹیپو نے کہا ہے کہ موبائل یا لینڈ لائن نمبرز پر براہ راست کال کے لیے بیلنس اور کال پیکجز فعال رکھے جائیں، انٹرنیٹ بندش کے باعث مواصلاتی نظام متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پاکستانی سفیر نے ایران میں پاکستانی شہریوں کو سفر کے دوران محتاط رہنے اور رابطوں کا متبادل انتظام رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ایران سے روانہ ہونے والے پاکستانی شہری اپنے پاسپورٹ پر خروج کی مہر لگوانا یقینی بنائیں۔
مزید پڑھیں:ایران میں پھنسے مزید 40 پاکستانی طلباء کو تفتان بارڈر پہنچا دیا گیا
مدثر ٹیپو نے کہا ہے کہ بارڈر بند ہونے کے اوقات سے پہلے بارڈر کراسنگ پوائنٹس پر پہنچیں، رابطوں میں دشواری کے باعث بارڈر حکام سے بارڈر بند ہونے کے بعد رابطہ مشکل ہو جاتا ہے، تیسرے ملک جانے والے پاکستانی شہری مطلوبہ ویزا ہمراہ رکھیں۔
ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے کہا ہے کہ ایرانی سڑکوں پر ٹریفک جام کے باعث سفر میں طویل وقت لگ رہا ہے، موبائل فون مکمل چارج رکھیں، بزرگ شہری، خواتین اور بچے سفر کے دوران خصوصی احتیاط کریں۔