مشرق وسطیٰ میں ایران اسرائیلی کشیدگی کے باعث ایران کی ائیر اسپیس کو فضائی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا جس کے بعد پاکستان پی آئی اے سمیت پاکستان کی دیگر ائیر لائنز نے اپنے روٹ تبدیل کردئیے ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پاکستانی ائیر لائنز نے گلف ممالک سمیت ٹورنٹو اور پیرس جانے والی پروازوں کا فلائٹ پلان تبدیل کردیا۔ گلف جانے والی پروازیں اومان کی فضائی حدود استعمال کررہی ہیں۔
سعودیہ عرب ،بحرین اور یو اے ای کی پروازیں مسقط فلائٹ انفارمیشن ریجن سے ہوتی ہوئی جارہی ہیں جبکہ ٹورنٹو اور پیرس جانے والی پروازیں اومان کی فضائی حدود استعمال کررہی ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے ایران کے خلاف باقاعدہ جنگ کا آغاز کر دیا، فضائی حملوں میں جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا جس میں پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی اور جوہری سائنسدان شہید ہوگئے۔
مزید پڑھیں:اسرائیل کے ایران میں درجنوں فضائی حملے، کئی کمانڈرزاورسائنسدانوں کو شہید کرنے کا دعویٰ
خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے جمعہ کی صبح ایران میں درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے ہیں،دارالحکومت تہران کے شمال مشرقی علاقے میں بھی دھماکوں کی زور دار آوازیں سنی گئیں اور بعض مقامات سے دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔
ایرانی میڈیا نے دارالحکومت تہران کے شمالی، مغربی اور وسطی علاقوں پر حملےکی تصدیق کر دی۔ اسرائیلی وزیرِ دفاع نے اعلان کیا کہ اسرائیل نے ایران پر پیشگی حملہ کر دیا ہے، ملک میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔