Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

چائلڈ لیبر کے خلاف عالمی دن پر صدر، وزیر اعظم اور دیگر کے پیغامات

World Day Against Child Labour June 2025

پاکستان سمیت دنیا بھر میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور دیگر نے اپنے پیغام جاری کیے ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری

صدر مملکت آصف علی زرداری نے چائلڈ لیبر کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن بچوں کو مشقت اور استحصال سے بچانے کی اجتماعی ذمہ داری کی یاد دہانی ہے۔

صدر مملکت کے مطابق بچوں سے مشقت لینا ایک عالمی چیلنج ہے جس کا حل صرف قومی نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر مربوط اقدامات سے ہی ممکن ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان بچوں کے استحصال کے خاتمے کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے اور اس حوالے سے متعدد عملی اقدامات کیے گئے ہیں۔

ان کے مطابق حکومت نے چائلڈ لیبر اور بچوں کے استحصال کی روک تھام کے لیے قوانین منظور کیے، متاثرہ بچوں کی بحالی اور دیکھ بھال کے لیے مؤثر نظام اور سروس یونٹس قائم کیے، جب کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قومی سطح پر ادارے بھی وجود میں لائے گئے ہیں۔ انہوں نے آجر حضرات پر زور دیا کہ وہ چائلڈ لیبر قوانین پر سختی سے عمل کریں اور یہ یقینی بنایا جائے کہ کام کی جگہیں بچوں کے استحصال سے مکمل طور پر پاک ہوں۔

صدر مملکت نے والدین اور سرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ مختصر مدتی مالی فوائد کے بجائے بچوں کی تعلیم کو ترجیح دیں، اور تعلیمی اداروں اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ ایسے بچوں کی بروقت شناخت کریں جو اسکول چھوڑنے کے خطرے سے دوچار ہوں۔

وزیر اعظم شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ چائلڈ لیبر کے خلاف عالمی دن کے موقع پر، پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر بچوں سے مشقت کے خلاف شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ چائلڈ لیبر کے شکار بچے نہ صرف جنسی اور ذہنی تشدد کا شکار ہوتے ہیں بلکہ ان سے ان کی تعلیم کا حق بھی چھین لیا جاتا ہے۔ انہیں ان کے بچپن سے محروم کر دیا جاتا ہے۔ اس سال کا تھیم “پیشرفت واضح ہے تاہم اور بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے :آئیں اپنی کوششوں کی رفتار تیز کریں” ۔

اس سال چائلڈ لیبر کے خاتمے کے عالمی دن پر انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال فنڈ کی جانب سے چائلڈ لیبر کے عالمی تخمینے اور رجحان کی رپورٹ ، 2025 شائع کی جارہی ہے جس سے ہمیں اندازہ ہو گا کہ چائلڈ لیبر کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کس قدر فعال ثابت ہو سکے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ چائلڈ لیبر قطعاً برداشت نہیں، بچے میری ریڈ لائن ہیں، آج کے دور میں چائلڈ لیبر کے واقعات انسانیت کے لئے المیہ ہیں، بچوں سے جبری مشقت، معاشرے کے باشعور شہریوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ بچوں کے ہاتھ میں قلم، کتاب، لیپ ٹاپ ہونے چاہئیں، اوزار اور اینٹیں نہیں، قلم تھامنے والی کم سنی کی عمر میں بوجھ اٹھانے پر مجبور بچے ہر مہذب معاشرے کیلئے سوالیہ نشان ہیں، معصوم بچوں کا بچپن محفوظ نہ رہا تو آنے والا معاشرہ مفید شہری سے محروم رہے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ چائلڈ لیبر کو محض ایک مسئلہ نہیں بلکہ نسلوں کے مستقبل کا سوال سمجھتے ہیں، چائلڈ لیبر قطعاً برداشت نہیں، بچے میری ریڈ لائن ہیں، چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button