Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے

eid celebration

ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ سنتِ ابراہیمی کی یاد میں لاکھوں مسلمان نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد قربانی کی عبادت میں مصروف ہیں۔

نماز عید کے اجتماعات کا سلسلہ صبح سویرے ملک بھر میں شروع ہوا، جو مساجد، عیدگاہوں، امام بارگاہوں اور کھلے میدانوں میں منعقد کیے گئے۔ ان اجتماعات میں علمائے کرام نے خطبات میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی کے فلسفے پر روشنی ڈالی اور امت مسلمہ کے اتحاد، ملکی سلامتی، اور مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

کراچی، حیدرآباد، لاہور، اسلام آباد، پشاور، راولپنڈی میں روح پرور اجتماعات

کراچی میں گرومندر پر واقع سبیل والی مسجد میں نماز عید ادا کی گئی، جہاں مولانا منیب کشمیری نے امامت کی۔ حیدرآباد میں ایک ہزار سے زائد چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، جن کے بعد قربانی اور فاتحہ خوانی کا سلسلہ شروع ہوا۔

اسلام آباد کی شاہ فیصل مسجد سمیت مختلف مقامات پر نماز کے بعد افواج پاکستان، قومی سلامتی، اور ملک و ملت کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

لاہور میں دارالعلوم جامعہ نعیمیہ میں چیئرمین نظریاتی کونسل راغب نعیمی کی امامت میں نماز ادا کی گئی اور بڑی اجتماعی قربانی کا آغاز ہوا، جہاں پہلے روز 180 جانور قربان کیے گئے۔

راولپنڈی میں مجموعی طور پر 604 مساجد، 72 امام بارگاہوں اور 62 کھلے مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے، جن کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کے 2700 افسر و اہلکار تعینات تھے۔

پشاور میں مرکزی عیدگاہ چارسدہ روڈ سمیت شہر بھر میں نماز کے اجتماعات ہوئے۔ نماز کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔

قربانی، گوشت کی تقسیم اور صفائی کے خصوصی انتظامات

ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں تین روز تک لاکھوں مسلمان سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کریں گے۔ قربانی کے بعد گوشت غرباء و مساکین میں تقسیم کیا جا رہا ہے تاکہ عید کی خوشیوں میں سب کو شامل کیا جا سکے۔

قربانی کے بعد صفائی کے لیے میونسپل اداروں نے خصوصی پلان ترتیب دیا ہے۔ آلائشیں بروقت اٹھانے کے لیے ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں تاکہ صفائی و ستھرائی کا نظام مؤثر اور متحرک رکھا جا سکے۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button