گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے عیدالاضحی کے موقع پر غریبوں اور مستحق افراد کے لیے 250 جانوروں کی قربانی اور گوشت کی تقسیم کا اعلان کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے گورنر ہاؤس کراچی میں خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ترجمان گورنر سندھ کے مطابق گورنر کی ہدایت پر قربانی کے جانور گورنر ہاؤس پہنچا دیے گئے ہیں جن میں 100 اونٹ، 100 بکرے اور 50 بیل شامل ہیں۔ عید کے تینوں روز قربانی کی جائے گی اور گوشت کے ساتھ ساتھ مستحقین میں ایک ماہ کا راشن بھی تقسیم کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں؛عیدالاضحیٰ پر کراچی میں آلائشوں کی صفائی کا حتمی پلان تیار
گورنر ہاؤس میں ہر سال کی طرح اس بار بھی عیدالاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی۔ گورنر سندھ کی جانب سے یہ اقدام معاشرے کے نادار طبقے کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان سمیت کئی ممالک میں عیدالاضحی ہفتے 7 جون کو منائی جائے گی، جس میں فرزندانِ توحید سنتِ ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانور قربان کریں گے۔