عیدالاضحی کا تہوار جہاں قربانی، ایثار اور عبادت کا مظہر ہے، وہیں گوشت کی وافر مقدار میں دستیابی کے باعث یہ طرح طرح کے پکوان کی تیاری اور دعوتوں کا موقع بھی بن جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق عید پر گوشت ضرور کھائیں مگر اعتدال کےساتھ ورنہ آپ بھی ہاضمے کی خرابی، بلڈ پریشر میں اضافہ اور کولیسٹرول کی زیادتی کا شکار ہو سکتے ہیں ۔
ایک وقت میں کتنا گوشت کھائیں ؟
طبی ماہرین کے مطابق ایک عام آدمی کو ایک وقت میں ذیادہ سے ذیادہ 70 سے 100 گرام تک گوشت کا استعمال کرنا چاہیے ۔ زیادہ مقدار میں گوشت کھانے سے معدے پر بوجھ پڑتا ہے ،کولیسٹرول لیول بڑھ سکتا ہے ، یورک ایسڈ اور جوڑوں کے درد جیسے مسائل جنم لے سکتے ہیں ۔
منفی اثرات کو کیسے کم کریں
گوشت کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے اسکے ساتھ سبزیوں کا استعمال مفید ہے جو فائبر فراہم کرتا ہے اور ہاضمے کو بہتر بناتا ہے۔گوشت کے پکوان میں ادرک، لہسن اور ہلدی کا استعمال لازمی کریں ۔ یہ قدرتی اینٹی آکسیڈنٹس ہیں جو جسم میں سوزش اور چربی کو کم کرتے ہیں۔
گوشت کے ساتھ لیموں اور دہی کا استعمال بھی مفید ہے ۔ لیمو وٹامن سی فراہم کرتا ہے جو آئرن کے جذب میں مدد دیتا ہے، اور دہی معدے کو ٹھنڈا رکھتا ہے۔دارچینی اور زیرہ گوشت کے ہاضمے میں مددگار ہیں اور بلڈ شوگر کو بھی کنٹرول کرتے ہیں۔
بلڈ پریشر کے مریض کیا احتیاط کریں؟
عید کے موقع پر بلڈ پریشر کے مریضوں کو خاص طور پر احتیاط کی ضرورت ہے۔ انہیں چاہیے کہ گوشت کے پکوان کی تیاری میں نمک کی مقدار کم رکھیں۔ چربی والا گوشت جیسے چانپ، پٹھ، کلیجی، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کو بڑھا سکتا ہے۔اس سے پرہیز کریں۔
فرائی یا تیل میں بھنا ہوا گوشت کم سے کم کھائیں۔ گرل یا ابلا ہوا گوشت انکے لئے زیادہ محفوظ ہے۔ زیادہ پانی پینے سے بلڈ پریشر متوازن رہتا ہے اور جسم میں نمکیات کی زیادتی کا اثر کم ہوتا ہے۔
گوشت کھانے کے بعد 20-30 منٹ کی چہل قدمی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتی ہے۔