سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر بھر سے آلائشیں اٹھانے کے لیے جامع صفائی پلان تیار کرلیا ہے۔ ایم ڈی بورڈ طارق علی نظامانی کے مطابق صفائی آپریشن میں 16 ہزار ملازمین اور 10 ہزار گاڑیاں حصہ لیں گی، جبکہ شہر بھر میں 98 کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔
شہر کی 3 اہم لینڈ فل سائیٹس جام چاکرو، گوند پاس اور شرافی گوٹھ.پر آلائشیں دفنانے کے لیے خندقیں تیار کر لی گئی ہیں۔ بورڈ کی جانب سے ڈور ٹو ڈور ٹیمیں متحرک کی جائیں گی جو تمام علاقوں سے آلائشیں بروقت اٹھائیں گی۔
آپریشن کی نگرانی کے لیے گاڑیوں پر ٹریکنگ سسٹم نصب کیا گیا ہے تاکہ آمد و رفت اور کام کی رفتار پر مکمل نظر رکھی جا سکے۔ آلائشیں اٹھانے والے ڈمپرز کو سرخ ترپال اور عام کچرا اٹھانے والے ڈمپرز کو ہرے رنگ کے ترپال دیے گئے ہیں تاکہ شناخت میں آسانی ہو۔
مزید پڑھیں؛ایڈیشنل آئی جی کراچی کی عیدالاضحیٰ پرسیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت
عیدالاضحی کے دوران صفائی اور آلائشیں اٹھانے کے لیے شہر بھر میں دو خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ہیلپ لائن 1128 چوبیس گھنٹے فعال رہے گی۔
ایم ڈی طارق علی نظامانی کے مطابق شہریوں کو بائیوڈیگریڈایبل بیگز بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ قربانی کی آلائشوں کو مناسب طریقے سے جمع کیا جا سکے۔ بورڈ کا عملہ ٹاؤن انتظامیہ کے ساتھ مکمل رابطے میں رہے گا تاکہ آلائشیں جلد از جلد لینڈ فل سائٹس تک منتقل کی جا سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ شہر سے مجموعی طور پر 25 ہزار ٹن بھالو مٹی بھی اٹھا کر لینڈ فل سائٹس پر منتقل کی جائے گی تاکہ ماحولیاتی صفائی کو یقینی بنایا جا سکے۔